اسلام آباد: مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ میرے بیٹوں پر آصف زرداری سے ڈالر مانگنے کی باتیں بیہودہ ہیں، سالک حسین نے میرے کہنے پر شہباز شریف کو وزیراعظم کیلئے ووٹ دیا۔ تفصیلات کے مطابق چودھری شجاعت چھوٹے بھائی چودھری وجاہت کے الزامات پر برس پڑے ،مسلم لیگ (ق) کے صدر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میرے بیٹوں پر آصف زرداری سے ڈالر مانگنے کی باتیں بیہودہ ہیں، سالک حسین نے میرے کہنے پر شہباز شریف کو وزیراعظم کیلئے ووٹ دیا ، ہم نے کسی سے کوئی وزارت نہیں مانگی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے کہنے پر میرے بچے فی الحال خاموش ہیں، وجاہت حسین نے نئی جماعت بنانی ہے تو بنا لیں ، ملک میں ایک نئی جماعت بننے سے فرق نہیں پڑے گا۔ مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت نے مزید کہا کہ طارق بشیر چیمہ پر چودھری خاندان کو تقسیم کرنے کا الزام جھوٹ ہے، گجرات جا کر بتاؤں گا کس کا کون سا حلقہ ہے۔