افغانستان نے پہلی مرتبہ انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو شکست دے دی

افغانستان نے پہلی مرتبہ انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو شکست دے دی
تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو پہلی مرتبہ انٹرنیشنل میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دیدی ۔ پاکستان کا 93 رنز کا ہدف افغان ٹیم نے 18 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا اور یوں انٹرنیشنل میچ میں پہلی بار گرین شرٹس کو شکست ہوئی ہے افغانستان سے ۔قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب نے محمد حارث کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تاہم 17 کے مجموعی اسکور پر حارث نے 6 رنز بنائے اور پویلین کی راہ لی۔ اس کے بعد عبداللہ شفیق بھی بغیر کوئی رن بنائے ہی ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ صائم ایوب 17 رنز بنا کر نوین الحق کا شکار بنے جب کہ طیب طاہر 16 رنز پر راشد خان کو کیچ دے بیٹھے اور آوٹ ہوگئے ۔ اعظم خان بھی بغیر کوئی رن بنائے ہی کیچ آؤٹ ہوئے اور یوں 41 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی ۔ اس کے بعد فہیم اشرف اور نسیم شاہ 2، 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان شاداب خان 12 اور عماد وسیم 18 رنز بنا کر بولڈ ہوئے ۔ قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر ہی 92 رنز اسکور کر سکی ۔ افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان ، فضل حق فاروقی اور محمد نبی نے 2، 2 جب کہ عظمت اللہ، نوین اور راشد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔ پاکستان کے 93 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان کرکٹ ٹیم کی پہلی وکٹ ابراہیم زادران کی گری جسے احسان اللہ نے ڈیبیو میچ میں اپنی پہلی بال پر آؤٹ کیا تھا ۔ یوں وہ ڈیبیو میچ میں پہلی گیند پر وکٹ حاصل کرنے والے پاکستان کے دوسرے بولر بن گئے ہیں ۔ احسان اللہ نے پہلے اوور کی ہی تیسری گیند پر گلبدین نائب کو بھی آؤٹ کردیا اور اس کے بعد نسیم شاہ نے رحمان اللہ گرباز کی وکٹ حاصل کی اور عماد وسیم نے بھی کریم جنت کو بولڈ کردیا ۔ چار وکٹیں گرنے کے بعد نجیب اللہ زادران اور محمد نبی نے لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دیا اور افغان ٹیم کو پاکستان کے خلاف کامیابی دلائی ۔ افغان ٹیم نے 18 ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں افغانستان کی پاکستان کے خلاف پہلی فتح ہے ۔ اس جیت کے بعد افغان ٹیم نے سریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی ۔ افغانستان کی جانب سے نجیب اللہ زادران 17 اور محمد نبی 38 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ہیں ۔ پاکستان کے احسان اللہ نے 2، عماد وسیم اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ آج کے میچ میں پاکستان کی جانب سے 4 کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا جن میں احسان اللہ ، طیب طاہر ، صائم ایوب اور زمان خان شامل ہیں ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔