مینارِ پاکستان پر پی ٹی آئی کا جلسہ، لاہور کے مختلف راستے بند، میٹرو سروس بھی محدود
03:30 PM, 25 Mar, 2023
لاہور: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا آج مینار پاکستان میں جلسہ ہونے جا رہے ہے دوسری جانب حکومت نے شہر کے مختلف راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا ہے ، میٹرو بس سروس بھی محدود کر دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے ریلوے اسٹیشن سے مینار پاکستان جانے والے تمام راستے بند کر دیئے ہیں ، بانساں والا بازار چوک اور شاہ عالم مارکیٹ چوک پر دونوں اطراف کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں ۔اسی طرح لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے ، راوی پل بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے ۔ اس کے علاوہ سگیاں پل، انجینئرنگ یونیورسٹی روڈ کے راستے بند ہیں، راوی ٹول پلازہ، شاہدرہ، بتی چوک سے مینار پاکستان جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے جب کہ نیازی چوک، دوموریہ پل اور دہلی دروازہ کو بھی بند کر دیا گیا ہے ۔ انچارج میٹرو بس کے مطابق جلسے کے باعث میٹروبس کا روٹ مختصر کیا گیا ہے اور میٹروبس گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی جا رہی ہے ۔ دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے کارکنان اور رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن میں متعدد سیاسی ورکرز کو گرفتار بھی کر لیا ہے دیگر کی گرفتاریوں کے لئے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں ۔ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ہمارے متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لیا ہوا ہے ، پولیس اور انتظامیہ کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود بھی آج جلسہ ضرور ہوگا ۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 25 مارچ کو مینار پاکستان لاہور میں جلسے کا اعلان کیا گیا تھا ۔