امریکی خفیہ ایجنسی CIA کے سابق ایجنٹ کا چین کیلئے جاسوسی کرنے کا اعتراف

امریکی خفیہ ایجنسی CIA کے سابق ایجنٹ کا چین کیلئے جاسوسی کرنے کا اعتراف
کیپشن: Former CIA agent admits spying for China

ویب ڈیسک: امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سابق ایجنٹ نے چین کے لیے جاسوسی کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ہانک کانگ سے تعلق رکھنے والے امریکا کے شہری الیگزینڈر یووک چنگ نے چینی حکام کو خفیہ دفاعی معلومات فراہم کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

71 سالہ الیگزینڈر یووک چنگ نے اعتراف کیا کہ انہوں نے سال 2001 میں چینی حکام کو امریکا کی خفیہ دفاعی معلومات فراہم کی تھیں جبکہ اس وقت وہ گزشتہ بارہ سالوں سے سی آئی اے کے لیے کام نہیں کر رہے تھے۔

محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیگزینڈر یووک چنگ کی شنگھائی سٹیٹ سکیورٹی بیورو کے نمائندوں سے ملاقات سی آئی اے کے ایک اور سابق ایجنٹ کے ذریعے ہوئی تھی۔

یہ سی آئی ایجنٹ الیگزینڈر یووک چنگ کا رشتہ دار ہے جو شنگھائی میں پیدا ہوا تھا لیکن بعد میں امریکا کا شہری بن گیا تھا۔ ان کی شناخت سی آئی اے نے اپنے کاغذوں میں ’شریکِ سازش نمبر 1‘ کے طور پر ہوئی ہے۔

بیان کے مطابق ہانگ کانگ کے ایک ہوٹل میں ہونے والی ملاقاتوں کے تیسرے اور آخری روز چینی انٹیلی جنس کے افسر نے شریک سازش نمبر1 کو 50 ہزار ڈالر کیش میں دیے جو الیگزینڈر نے موقع پر گنے بھی تھے۔

محکمہ انصاف کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اس وقت الیگزینڈر اور شریک سازش نمبر 1 نے مدد جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا تھا۔‘

سال 2003 میں الیگزینڈر یووک چنگ کو امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے ریاست ہوائی میں بطور ماہر لسانایات کے طور پر رکھا تھا جو دراصل ایک منصوبے کا حصہ تھا کہ ایک مخصوص جگہ پر رکھ کر ان کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے اور چین کے ساتھ روابط کی کھوج لگائی جائے۔

سال 2006 میں الیگزینڈر نے شریک سازش نمبر 1 کو آمادہ کیا تھا کہ وہ انہیں کم از کم دو افراد کی شناخت کے حوالے سے معلومات فراہم کریں جو دراصل چینی انٹیلی جنس کی جانب سے مانگی گئی تھیں۔

الیگزینڈر نے اعتراف کیا کہ جو بھی معلومات انہوں نے فراہم کیں وہ امریکا کو نقصان یا چین کو فائدہ پہنچانے کے لیے استعمال ہونا تھیں۔

الیگزینڈر نے 2012 تک ایف بی آئی کے لیے کام کیا تاہم محکمہ انصاف کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان کی حقیقت پر سے کیسے پردہ ہٹایا گیا تھا۔

جاسوسی کے جرم پر الیگزینڈر یووک چنگ کو دس سال کی سزا ہو سکتی ہے جو انہیں 11 ستمبر کو سنائی جائے گی۔

Watch Live Public News