ویب ڈیسک: کینیڈا میں تعمیراتی شعبے اور انڈسٹریوں میں ہنر مند مزدوروں کی کمی پیدا ہوگئی ہے، جس کے بعد وہاں کے صوبے البرٹا کو 42 ہزار سے زائد ہنرمند مزدوروں کی ضرورت ہے۔
کینیڈین میڈیا آؤٹ لیٹ ”سی بی سی نیوز“ کے مطابق البرٹا کی تعمیراتی صنعت کو تقریباً 42 ہزار 500 کارکنوں یا ہنرمندوں کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ کینیڈا بھر کے صنعتی شعبوں میں ہنرمندوں کی ضرورت ہے۔
اس حوالے سے حکام نے ایک مہم کا بھی آغاز کردیا ہے، جس کا مقصد کیوبیک، اونٹاریو، اور بی سی کے ہنرمندوں کو راغب کرنا ہے۔
اس مہم کے تحت البرٹا جانے اور وہاں ایک سال تک رہنے کی بنیاد پر 5 ہزار ڈالر قابل واپسی ٹیکس کی پیشکش بھی شامل ہے۔
خیال رہے کہ البرٹا کی آبادی میں گزشتہ برس میں دو لاکھ نئے رہائشیوں کا اضافہ ہوا جس کے بعد وہاں سڑکوں، پلوں اور رہائش سمیت انفراسٹرکچر کو بڑھانے کے لیے تعمیراتی صنعت پر نمایاں دباؤ ہے۔