ورلڈ کپ 2023:آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو 309 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دیدی

ورلڈ کپ 2023:آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو 309 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دیدی
دہلی: ورلڈ کپ 2023 کے 24 ویں میچ میں آسٹریلیا نے نیدرلینڈز کو 309 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا کر ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح حاصل کرلی۔ آسٹریلیا کے 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 21 اوورز میں 90 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔یہ ورلڈکپ کی پوری تاریخ کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔اس سے پہلے آسٹریلیا 2015 کے ورلڈ کپ میں افغانستان کو 275 رنز سے شکست دے چکی ہے۔ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی آسٹریلیا کی یہ دوسری بڑی فتح ہے ،اس سے پہلے بھارت ون ڈے کرکٹ میں سری لنکا کو 317 رنز سے شکست دے چکی ہے۔ دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 399 رنز بنائے اور نیدر لینڈز کو 400 رنز کا ہدف دیا ۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 104 اور گلین میکسویل 106 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اسٹیو اسمتھ نے 71 اور لبوشین نے 62 رنز بنائے۔اس کے علاوہ جوش انگلس 14، مچل مارش9 ، کیمرون گرین 8 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ پیٹ کمنز 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیدرلینڈز کی طرف سے لوگن وین بیک 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بیس ڈی لیڈا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کے 400 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 21 اوورز میں 90 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ نیدرلینڈز کی طرف سے وکرم جیت سنگھ 25 اور تیجاندا منورو 14 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ سایبرانڈ 11، کولن ایکرمین 10 رنز بنا سکے۔ جبکہ لوگن وین بیک، وین ڈر میروی اور پاؤل وین میکرمین صفر پر آؤٹ ہوئے۔ کینگروز کی جانب سے ایڈم زمپا نے 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مچل مارش نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مچل اسٹارک،جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے 1،1 وکٹ لی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔