میرے لیے وزارتیں  نہیں تعلقات اہم ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی

میرے لیے وزارتیں  نہیں تعلقات اہم ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی

(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ میرے لیے وزارتیں  نہیں تعلقات اہم ہیں،  ‏وزیراعظم شہباز شریف سے 25 سالہ پرانا تعلق ہے اور وہ بڑے بھائی ہیں،جن کی خواہش ہے کہ یہ تعلق خراب ہو وہ پوری نہیں ہو گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے  اسلام آباد پولیس سہولت مرکز کا دورہ کیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد علی ناصر رضوی ،    ڈی آئی جیز ،ایس پی ٹریفک اور   ایس پیز   اس موقع پر موجود تھے ۔

اس موقع پر   محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  عوام کو 26 مختلف سہولیات کی فراہمی  یقینی بنانے کے لئے پولیس سہولت مرکز 24 گھنٹے کھلا رہے گا ، آئی جی اسلام آباد کو جرائم کی شرح پر قابو پانے، بروقت ایف آئی آر کے اندراج اور پولیس کے رویوں میں مثبت تبدیلی کا ٹاسک سونپا ہے ، آئی جی اسلام آباد کی ٹیم میں وہ ہی چلے گا جو ان کی رفتار رکھتا ہو ، 2000 جوانوں کی بھرتی کے لئے سمری ارسال کر دی ہے ،  اسلام آباد جیل  منصوبے پر توجہ مرکوز کر دی ہے ۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  نے  شہریوں کی سہولت کے لیے بنائے  گئے کاونٹرز کا معائنہ کیا اور اسلام آباد کے شہریوں کی سہولت کے لئے   پولیس سہولت مرکز کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کیا ۔

انہوں نے کہا کہ  انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر  کام شروع کر دیا ہے ، میڈیا کو آج بھی کہہ دیا ہے کہ وہ اسلام آباد کے 27 تھانوں کی ویڈیو بنا لیں ، تین سے چار ماہ  بعد تمام تھانے سٹیٹ آف دی آرٹ ہونگے ۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر پنجاب میں جرائم کی شرح پر 30 فیصد قابو پایا جاسکتا ہے تو اسلام آباد میں بھی ایسا ممکن ہے ،عوام کو خود نظر آئے گا کہ جرائم پر کافی حد تک کمی واقع ہوئی ہے  ۔انہوں نے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد نہ سوتے ہیں نہ کسی کو سونے دیتے ہیں، جلد ہی اسلام آباد کے تھانوں کی حالت تبدیل ہوجائے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو تین چار چیزوں سے غرض ہے کہ کرائم کی شرح نیچے آئے اور ان کا مقدمہ درج ہو، اس بات پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، یہ نہیں ہوگا کہ کوئی میرے پاس آئے اور کہے کہ میری ایف آئی آر درج نہیں ہو رہی، اگر کوئی ایف آئی آر نہیں کاٹے گا تو اس پر کوئی معافی نہیں۔

محسن نقوی نے  باور کروایا کہ میرا وزیر اعظم سے تعلق 25 سال کا ہے، وہ میرے بڑے بھائی ہیں، مجھے نہیں پتا لوگ کس طرح کی بات کرتے ہیں مگر ہمارا تعلق مضبوط ہے، میرا وزیر اعظم سے تعلق ہے وہ ایسا رہے گا، میرے لیے وزارت معنی نہیں رکھتی پر تعلق معنی رکھتا ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ  سیف سٹی پراجیکٹ اور اسلام آباد جیل منصوبے پر بھی جلد پیش رفت نظر  آئے گی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس رفتار سے آئی جی اسلام آباد کام کریں گے ،ان کی ٹیم کو بھی اسی رفتار سے کام کرنا ہوگا بصورت دیگر وہ ٹیم میں نہیں ہونگے ۔ 

Watch Live Public News