عمران عباس کی روضۂ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم پر حاضری  

عمران عباس کی روضۂ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم پر حاضری  

ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف اداکار عمران عباس کو حکومت عراق کی دعوت پر خلیفہ چہارم حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے مزار کی منفرد زیارت کا اعزاز مل گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں اداکار نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے مزار کی حاضری کی ایک خصوصی ویڈیو شیئر کی ہے۔ 

ویڈیو میں انہیں ایک جھروکے کی کھڑی کھولتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس کے سامنے روضہ حضرت علی کی عمارت موجود ہے اور اداکار وہاں بیٹھ کر عقیدت سے زیارت کرتے نظر آ رہے ہیں۔ 

پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے اس منفرد اعزاز کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ 'میں نجف میں روضہ حضرت امام علی علیہ السلام کے سنہری گنبد کے نظارے والے خصوصی جھروکے پر جانے کا موقع ملنے پر مشکور ہوں'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'حکومتِ عراق کی جانب سے دی گئی مہربان دعوت کی بدولت مسلسل دوسرے سال امام علی علیہ السلام کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ان کے مزار پر حاضری دینا ایک اعزاز کی بات ہے'۔

واضح  رہے کہ عمران عباس حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کے موقع پر ماہِ صفر میں منعقد ہونے والی اربعین واک کے موقع پر عراق بھی پہنچے تھے۔

اس کے علاوہ انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی ایک اور ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں انہیں اربعین واک میں حصہ لیتے ہوئے پیدل سفر کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اربعین واک ہے کیا؟ 

اربعین واک جسے 'مشی' بھی کہا جاتا ہے، عراق کے شہر نجف سے کربلا تک کا پیدل سفر ہے جو خصوصی طور پر ہر سال صفر کے مہینے میں حضرت امام حسین کے چہلم کے موقع پر کی جاتی ہے۔

یہ واک نجف اور کربلا کو ملانے والی 80 کلومیٹر طویل شاہراہ پر کی جاتی ہے جس میں شرکت کے لیے ہر سال دنیا بھر سے کروڑوں کی تعداد میں اہلِ تشیع افراد  عراق پہنچتے ہیں۔

یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ نجف میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کا مزار موجود ہے جبکہ کربلا میں شہدائے کربلائے رضی اللہ عنہما کے مزارات موجود ہیں۔

ہر برس چہلمِ امام حسین کے موقع پر نجف سے کربلا کا رخ کرنے والوں کی درست تعداد کے بارے میں مختلف اندازے لگائے جاتے ہیں لیکن ایک محتاط اندازے کے مطابق اربعین کے موقع پر اس علاقے میں تین کروڑ سے زیادہ افراد کا اجتماع ہوتا ہے۔

نجف سے کربلا جانے والی سڑک کو 'این نجف' کے نام سے پکارا جاتا ہے، اربعین کے لیے آنے والے زیادہ تر افراد اسی سڑک پر مشی (پیدل چلنا ، پیادہ روی ) کرکے کربلا پہنچتے ہیں۔

اربعین واک کا آغاز کب ہوا اس بارے میں مصدقہ طور پر تو کچھ نہیں کہا جا سکتا تاہم نجف کے حوزة علمیة سے تعلق رکھنے والے عالم سید رضا کے مطابق 'تاریخی روایات کے مطابق جابر بن عبد اللہ الانصاری وہ پہلے شخص تھے جنھوں نے امام حسین کی قبر کی زیارت کی۔'

Watch Live Public News