ویب ڈیسک: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں نے بزدلانہ حملے کیے۔ سیکیورٹی فورسز کیجانب سے بروقت اور مؤثر جواب کے نتیجہ میں 21 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے جبکہ 14 جوانوں نے مادر وطن کی خاطر جام شہادت نوش کرلیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں موسی خیل، قلات اور لسبیلہ کے اضلاع میں بزدلانہ حملے کر کے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں متعدد شہریوں نے جام شہادت نوش کیا۔
دہشتگرد حملوں کے جواب میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 21 دہشتگرد مار دیے۔ آپریشن کے دوران 14 جوان بھی شہید ہوگئے۔ جن میں دس جوانوں کا تعلق پاک فوج اور چار کا دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرکے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ سینیٹائزیشن آپریشن بھی متعلقہ علاقوں میں کئے جا رہے ہیں جبکہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائیگی۔
پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف کسی کارروائی سے دریغ نہیں کریں گے اور جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب دہشت گردوں نے بلوچستان میں متعدد گھناؤنی کارروائیاں کرنے کی کوشش کی۔
دشمن اور دشمن قوتوں کی ایماء پر، دہشت گردی کی ان بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد خاص طور پر موسیٰ خیل، قلات اور لسبیلہ اضلاع میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان کے پرامن ماحول اور ترقی کو متاثر کرنا تھا۔ نتیجتاً بے شمار بے گناہ شہریوں نے شہادت قبول کی۔
ضلع موسیٰ خیل میں دہشت گردوں نے عام علاقے راڑہ شام میں ایک بس کو روکا اور بلوچستان میں روزی روٹی کمانے کے لیے کام کرنے والے معصوم شہریوں کو بدنیتی سے نشانہ بنایا۔