پارلیمنٹ سے اراکین اسمبلی کی گرفتاری،سارجنٹ ایٹ آرمز سمیت 4 سیکیورٹی اہلکار معطل

پارلیمنٹ سے اراکین اسمبلی کی گرفتاری،سارجنٹ ایٹ آرمز سمیت 4 سیکیورٹی اہلکار معطل
کیپشن: پارلیمنٹ سے اراکین اسمبلی کی گرفتاری،سارجنٹ ایٹ آرمز سمیت 4 سیکیورٹی اہلکار معطل

ویب ڈیسک: پارلیمنٹ کے اندر سے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے اراکین اسمبلی کی گرفتاری کے معاملے میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سارجنٹ ایٹ آرمز سمیت 4 سیکیورٹی اہلکاروں کو 4 ماہ کے لیے معطل کر دیا۔

گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے تمام گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے اور کہا تھا کہ پارلیمنٹ ہاؤس سے ہونے والی گرفتاریوں پر ایکشن ہو گا اور اس پر ہر صورت اسٹینڈ لینا پڑے گا، ناصرف سارے گیٹس (دروازوں) کی بلکہ ہر جگہ کی ویڈیوز مانگی ہیں تاکہ جس پر ذمہ داری ڈالنا ہے ہم ڈالیں۔

اسپیکرقومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اپنے آپ کو بدقسمت سمجھتا ہوں کہ 2014 میں ایک جماعت اور ان کے کزن نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تو اس کرسی پر تھا، اس لحاظ سے بدقسمت ہوں وہ پہلا حملہ تھا، دوسرا حملہ مولانا صلاح الدین ایوب کے کمرے پر چھاپہ پڑا، وہ بھی ہماری بدقسمتی تھی۔

اب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایکشن لیتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی میں غیر ذمہ داری پر سارجنٹ ایٹ آرمز قومی اسمبلی محمد اشفاق اشرف کو 4 ماہ کے لیے معطل کردیا۔

اس کے علاوہ سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ میں سکیورٹی کی ناکامی پر 4 سیکیورٹی اہلکاروں کو بھی 4 ماہ کے لیے معطل کر دیا۔

معطل ہونے والوں میں سیکیورٹی اسسٹنٹ وقاص احمد اور 3 جونیئر اسسٹنٹ سکیورٹی آفیسرز عبیداللہ، وحید صفدر اور محمد ہارون شامل ہیں۔

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بھی تشکیل دے دی، 4 رکنی کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری افتخار لغمانی کریں گے۔

کمیٹی میں جوائنٹ سیکرٹری ارشد علی خان، رضوان اللہ اورقائمقام سارجنٹ ایٹ آرمز راجہ فرحت عباس شامل ہیں، کمیٹی واقعہ کے محرکات کا جائزہ لے گی۔

اس کے علاوہ کمیٹی کو جلد ازجلد فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 9 ستمبر کو اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر، شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو گرفتار کر لیا تھا۔

Watch Live Public News