پاناما لیکس سکینڈل: 32 افراد کیخلاف کارروائی کا آغاز

پاناما لیکس سکینڈل: 32 افراد کیخلاف کارروائی کا آغاز
پاناما: (ویب ڈیسک) پاناما کے محکمہ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ 2016 کے پاناما پیپرز سکینڈل میں بدعنوانی میں مبینہ طور پر ملوث 32 افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اپریل 2016ء میں پاناما کی لیگل فرم موزیک فونسیکا کی ایک کروڑ پندرہ لاکھ دستاویزات لیک کر دی گئی تھیں۔ انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹی گیٹو جرنلسٹس کی ویب سائٹ پر جاری ان دستاویزات میں دنیا بھر سے درجنوں سربراہان مملکت، کاروباری اور مشہور شخصیات سمیت کھلاڑیوں کی بھی آف شور کمپنیوں کا انکشاف ہوا تھا، جن سے پوری دنیا کی سیاست میں بھونچال آ گیا تھا۔ ان پیپرز کے سامنے آنے کے بعد پاکستان کے اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ویب سائٹ کے ڈیٹا کے مطابق نواز شریف کے تینوں بچے مریم نواز، حسن نواز اور حسین نواز یا تو کئی آف شور کمپنیوں کے مالک تھے یا پھر ان کمپنیوں کی رقوم کی منتقلی کے مجاز تھے۔ اس رپورٹ کے نتیجے میں ہونے والی تحقیقات کے بعد اقامہ رکھنے کی بنیاد پر نواز شریف سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دے دیے گئے تھے۔ اسی طرح آئس لینڈ کے وزیراعظم سگمندر ڈیوڈ گنلاگ سن نے بھی سکینڈل سامنے آنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔ ان دستاویزات میں سیاستدانوں، فلمی ستاروں اور ارب پتی شخصیات سمیت بینکوں کے ٹیکس سے بچنے اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کی تفصیلات سامنے آئی تھیں۔ یہ دستاویزات سامنے لانے والے تحقیقاتی صحافیوں کے بین الااقوامی کنسورشیم کا کہنا تھا کہ ان انکشافات کے بعد 70 سے زیادہ ممالک میں 150 سے زائد تفتیشی کارروائیاں کی گئی تھیں۔ اب پاناما کے محکمہ انصاف نے اعلان کیا ہے کہ 2016ء کے پاناما پیپرز سکینڈل میں بدعنوانی میں مبینہ طور پر ملوث 32 افراد کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ان 32 افراد پر معاشی نظام کے خلاف مبینہ جرائم کرنے پر قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، جس میں منی لانڈرنگ بھی شامل ہے۔ اس کیس کو پاناما پیپرز کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ان 32 افراد کے خلاف مقدمہ 15 سے 18 نومبر تک چلایا جائے گا۔ تاہم پاناما حکام نے ان افراد کے نام جاری نہیں کئے لیکن غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان میں موزیک فونسیکا کے بانی جیورگن موزیک اور رامون فونسیکا مورا بھی شامل ہیں۔

Watch Live Public News