ویب ڈیسک:راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں گواہان پر جرح کے لیے آخری وارننگ دیتے ہوئے سماعت بغیر کارروائی کے 30 جولائی تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ کے روبرو 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل ریفرنس کی سماعت شروع ہوئی، جس میں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔ علاوہ ازیں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے دوست برطانوی شہری چالس گلاس، بہنیں علیمہ خان، نورین خان و دیگر بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کے دوران وکلائے صفائی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس کی وجہ سے 10 بجے شروع ہونے والی سماعت ایک گھنٹے کے لیے ملتوی کی گئی۔
معاون وکیل خالد یوسف چوہدری نے 11 بجے عدالت کو بتایا کہ سینئر وکلا راستے میں ہیں، کچھ دیر میں پہنچ جائیں گے، تاہم عدالت نے وکلائے صفائی کو گواہان پر جرح کی آخری وارننگ دے دی۔
نیب ٹیم پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی کی سربراہی میں عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دو مرتبہ کیس کال کیا گیا ہے وکلاء پھر بھی غیر حاضر ہیں۔
بعد ازاں احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئے۔ میڈیا نمائندوں کے جیل داخلے سے قبل ہی سماعت بغیر کارروائی کے 30 جولائی تک ملتوی کردی۔