ویب ڈیسک: اولمپکس تاریخ میں پہلی مرتبہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب سٹیڈیم کے بجائے پیرس کے مرکز ی علاقے میں دریائے سین پر ہوگی جس میں مختلف ممالک کے وفود کشتیوں پر سوار ہوکر دریائے سین میں پریڈ کرینگے۔
افتتاحی تقریب دریائے سین سے ایفل ٹاور کے باغات اور محلات تک 6 کلومیٹر پر محیط ہوگی، جس میں 100 کشتیاں، تقریباً 10 ہزار ایتھلیٹس کو لیے پیرس کے مشہور مقامات کے قریب سے گزریں گی۔
افتتاحی تقریب میں 3 ہزار سے زائد فنکار اپنے فن کا جادو جگائیں گے جبکہ تقریب میں پیرس اور فرانس کی تاریخ اور ثقافت کی نمائش ہو گی۔ فنکاروں کی شناخت سمیت بہت سے حصوں کو ابھی خفیہ رکھا گیا ہے۔
صدر ایمانوئل میکرون عالمی کھیلوں کا باضابطہ افتتاح کریں گے جبکہ اولمپک مشعل بھی روشن کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پیرس اولمپکس گیمز میں32 کھیلوں کے 329 ایونٹس ہونگے ،اولمپکس کیلئے اب تک 80 لاکھ سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں، اولمپک گیمز 11 اگست تک جاری رہیں گی جبکہ سکیورٹی کیلئے تقریباً75000 فوجی تعینات کیے گئے ہیں۔