26 جون، منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کیخلاف عالمی دن

26 جون، منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کیخلاف عالمی دن

ویب ڈیسک: آج دینا بھر میں منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کیخلاف عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

 منشیات ایک عالمی مسئلہ ہے جو دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو سنگین حد تک متاثر کرتا ہے۔ جہاں منشیات کا استعمال ایک بہت بڑا چیلنج ہے وہیں منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم میں اضافہ بھی پوری دنیا کیلئے بڑا خطرہ بن چکا ہے۔

منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف بین الاقوامی دن، ہر سال 26 جون کو منایا جاتا ہے۔اس دن منشیات کے استعمال سے پاک دنیا کے حصول کے لیے مخصوص کارروائیوں اور تعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ کے زیر نگرانی منشیات کے عالمی دن پر 2024 کی مہم سائنس، تحقیق، انسانی حقوق، ہمدردی اور منشیات کے سماجی، معاشی اور صحت کے مضمرات کی مکمل آگاہی کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔

 رواں برس منشیات کے عالمی دن پر اقوام متحدہ کی جانب سے پوری دنیا کو پیغام دیا جارہا ہے کہ منشیات کے نقصانات کے متعلق آگاہی کو زیادہ سے زیادہ پھیلایا جائے۔ اس کے علاوہ تمام سٹیک ہولڈرز، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے منظم پالیسیاں ترتیب دی جائیں۔پاکستان میں بھی ہر سال منشیات کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی مہمات کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں عوام کو آگاہی بھی فراہم کی جاتی ہے اور بڑے پیمانے پر ضبط شدہ منشیات کو جلایا بھی جاتا ہے۔

ورلڈ ڈرگ رپورٹ 2021 کے مطابق پوری دنیا میں 296 ملین سے زائد افراد منشیات کا استعمال کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی 2013 کی رپورٹ کے بتایا گیا کہ  پاکستان میں 67 لاکھ سے زائد افراد منشیات کا استعمال کرتے ہیں۔ پاکستان میں نوجوان نسل سب سے زیادہ منشیات کے استعمال میں ملوث ہے۔

دوسری جانب پاکستان کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے حکومت پاکستان اور عسکری قیادت نے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ حکومتی فیصلے کے پیش نظر ملک بھر میں منشیات کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا جس کے نتیجے میں اب تک 1037 میٹرک ٹن سے زائد منشیات ضبط کی جاچکی ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کے دوران ملک بھر سے 1538 منشیات فروش اور اسمگلرز بھی گرفتار کیے جاچکے ہیں۔پاکستان کو منشیات سے پاک کرنے میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ 

منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اور قانون کے نفاذ کیلئے بھی اے این ایف نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی میں کام کرتے ہوئے، اے این ایف نے پاکستان بھر میں منشیات کی کاشت کو بھی مؤثر طریقے سے روکا ،انہوں نے منشیات کی سپلائی اور ڈیمانڈ میں کمی کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

اے این ایف کے زیر نگرانی منشیات کے استعمال کے خلاف عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے اور منشیات کے خلاف عالمی دن کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام نے اپنے ملک و قوم کو منشیات کی لعنت سے مکمل پاک کرنے کے نئے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

Watch Live Public News