تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 3 یا 4 اپریل ہوگی

تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 3 یا 4 اپریل ہوگی
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 3 یا 4 اپریل ہوگی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت نے کسی اپوزیشن جماعت کو اسلام آباد میں جلسے سے نہیں روکا ، جلسہ کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ سب اپوزیشن رہنمائوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ کان کھول کر سن لیں کہ اگر کسی نے بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ کہیں بھی امن وامان کا مسئلہ نہ ہو۔ تاہم اپوزیشن جماعتوں نے دھرنا دیا تو عدالتوں کے احکامات پر عمل کرینگے۔ خدانخواستہ اگر اپوزیشن نے کوئی غلطی کی تو یقیناً اسے اس کا خمیازہ بگھتنا پڑے گا۔ فوج کو طلب کرنے کا اختیا ر ر کھتے ہیں۔ کسی نے دھرنا دیا تو اسے دھر لیا جائے گا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ لوگ گھبرائے اور بوکھلائے ہوئے ہیں۔ اپوزیشن نے عمران خان کو مقبولیت کی معراج تک پہنچا دیا ہے۔ اپوزیشن کی جماعتیں بے وقوفی کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے وزیراعظم عمران خان کو ایمرجنسی اور سندھ میں گورنر راج کی تجویز دی تھی۔ میری رائے تھی کہ بجٹ کے بعد قبل از وقت انتخابات کرا لئے جائیں۔ میں نے انھیں ایسا بجٹ پیش کرنے کا مشورہ دیا تھا جس سے غریب عوام کو فائدہ ہو۔ اس کے بعد الیکشن کرا لیں۔ شیخ رشید نے انکشاف کیا کہ پیپلز پارٹی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کیلئے ناظم جوکھیو مقدمے میں نامزد رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کو متحدہ عرب امارات سے واپس پاکستان میں لایا جا رہا ہے۔ ہم انہیں ہوائی اڈے سے ہی حراست کر لیں گے۔ میں نے ایف آئی اے سربراہ کو ہدایت دی ہے کہ جام عبدالکریم کو گرفتار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ میں نے فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کو سختی سے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ قومی سلامتی کے اداروں خاص طور پر پاک فوج کیخلاف بکواس کر رہے ہیں انہیں گرفتار کیا جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔