کوئٹہ : حسان نیازی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر پنجاب پولیس کے حوالےکردیاگیا۔ چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن حسان نیازی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے راہداری ریمانڈ پر پنجاب پولیس کے حوالے کر دیا۔ کوئٹہ کی مقامی عدالت میں حسان نیازی کو جوڈیشل مجسٹریٹ 7 کے روبرو پیش کیا گیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ سات کلیم اللہ موسیانی کی عدالت نے ریمانڈ دیا جبکہ ملزم کو چیمبر میں طلب کر کے ریمانڈ دیا گیا۔ قبل ازیں حسان نیازی کے وکیل اقبال شاہ ایڈووکیٹ نے ضلع کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ روزحسان نیازی کی ضمانت ہو گئی تھی تو اسے کس قانون کے تحت جیل بھیجا گیا؟، ہم نےجیل انتظامیہ کو مچلکے پیش کر دیے تھے مگر حسان کو رہا نہیں کیا گیا، جیل انتظامیہ کے پاس حسان نیازی کو رکھنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ حسان نیازی کو بدنیتی سے 3 ایم پی او کے تحت قید میں رکھا گیا، کس قانون کے تحت حسان نیازی کی پنچاب پولیس نے حوالگی مانگی ہے؟، 3 ایم پی او کے غیر قانونی آرڈر اور گرفتاری کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ پنجاب پولیس حسان نیازی کو لاہور میں درج کیس میں تحویل میں لینے کے لیے کوئٹہ پہنچی تھی۔