مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک میں داخل، محکمہ موسمیات کی بارش کی پیشگوئی

11:52 AM, 26 Mar, 2024

ویب ڈیسک: مغربی ہواؤں کا ایک سسٹم آج  بلوچستان میں داخل ہوگا جس کے تحت گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم منگل کی دوپہر بلوچستان میں داخل ہوگا جس سے منگل اور بدھ کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن اور پشین میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ رواں ہفتے کے پی، پوٹھوہار، تھل میں بارش کے ساتھ تیز ہواؤں کے چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں چلنے کے سبب  گندم کے کاشتکار آخری پانی و سپرے سے گریز کریں۔ پنجاب کے بارانی علاقوں کے علاوہ نہری علاقوں بشمول سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ، ملتان، لاہور،سیالکوٹ، گجرات، منڈی، گوجرانوالہ، حافظ آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن کے کاشتکار احتیاط کریں۔

کراچی کا موسم: 

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہےگا۔ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں موسم گرم و خشک رہنے کا امکان ہے۔آج صبح کے وقت درجہ حرارت 24.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دن بھر میں درجہ حرارت  34 سے 36 ڈگری تک رہےگا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے۔

پشاور میں موسم کی صورتحال:

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابر آلود رہےگا۔ رات میں ڈیرہ اسماعیل خان، وزیرستان ،کرم، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان اورمانسہرہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ 

پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ  28 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 52 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابرالود رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ صوبے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت بنوں میں 32 ، سیدو شریف میں 28، دیر 25 ،ایبٹ آباد، چترال میں 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں