لندن: (اے پی پی) برطانوی طبی جریدے لانشٹ انفیکشس ڈیزیز نے ایک تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت کی تیار کردہ کورونا ویکسین’’کوویکس ان‘‘ عالمی وبا کیخؒاف صرف 50 فیصد تک موثر پائی گئی۔ اس تحقیق میں وائرس سے متاثرہ ایک ہزار افراد کا تجزیہ کیا گیا۔ ماہرین نے کہا کہ بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران صحت کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ بھارت نے اپنی اس خوفناک کارکردگی کے باوجود اپنی تیار کی گئی ویکیسن کو ایک بڑی کامیابی تصور کیا اور حال ہی میں ویکسی نیشن کے ایک بلین ہدف کے حصول کا دعویٰ کیا لیکن حالیہ تحقیق نے اس طرح کے دعوئوں کی حقیقت کو بری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔ بھارت میں اب تک کورونا ویکسین کی صرف 13 کروڑ 80 لاکھ خوراکیں لگائی گئی ہیں ۔ بھارت کی تیار کردہ ویکسین کو تیسری آزمائشی ڈیٹا جاری ہونے سے پہلے ہی اسے ملک میں منظور کر لیا گیا تھا۔ حیدر آباد کی کمپنی بھارت بائیو ٹیک کی بنائی گئی ویکسین کی حال ہی میں عالمی ادارہ صحت کی ٹیکنیکل کمیٹی نے منظوری دی اور اسے منظورہ کردہ ویکسینز کی فہرست میں شامل کیا گیا لیکن صرف 4 ماہ بعد بھارت میں ویکیسی نیشن مہم کے دوران استعمال کی جانے والی ویکسین ’’کوویکس ان‘‘ کا پہلا عالمی جائزہ لیا گیا۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ بھارت کی تیار کردہ کووڈ۔ 19 ویکسین’’ کوویکس ان ‘‘ کورونا وائرس کی علامات کے خلاف مجموعی طور پر 50 فیصد موثر ہے جو کہ عبوری ٹیسٹ کے نتائج کے 77.8 فیصد سے کم ہے۔ کووڈ۔19 کی پہلی علامات والے نتائج کو نکالے جانے کے بعدویکسین کی موثریت کم ہو کر 47 فیصد تک رہ گئی۔ یہ تحقیق 15اپریل سے 15مئی کے درمیان شائع کی گئی جب کورونا وائرس کی دوسری لہر عروج پر تھی جس میں ویکسین کے 50فیصد تک موثر ہونے کا انکشاف ہوا جبکہ اس سے قبل بھارت میں نومبر 2020 سے جنوری 2021 تک کرائے گئے کلینیکل تجربات میں ویکسین کے 77.8فیصد تک موثر ہونے کا دعوی کیا گیا ۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارت کی مشہور شخصیات، سیاسی رہنماؤں، اور امیر تاجروں اور ان کے اہل خانہ نے برطانیہ اور امریکا سے ویکسین کروائی، کیونکہ انہوں نے بھارتی ویکسین کے موثر ہونے کے دعووں پر کبھی اعتماد نہیں کیا۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ بھارت نے ایک بار پھر جھوٹے دعووں کا سہارا لیا تاکہ خود کو دوا سازی کی صنعت میں خود کو لیڈر ثابت کر سکے لیکن بھارت ایسا کر کے اپنی ہی آبادی کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔