’سندھ ترقیاتی پلان کا مقصد 14 اضلاع کے باسیوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی ہے‘

’سندھ ترقیاتی پلان کا مقصد 14 اضلاع کے باسیوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی ہے‘
پبلک نیوز: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ ترقیاتی پلان کا مقصد 14 اضلاع کے باسیوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سندھ ترقیاتی پلان پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، اسد عمر اور محمد حماد اظہر شریک ہوئے۔ وزیر اعظم نے مطعلقہ محکموں کو حیدرآباد تا سکھر موٹروے اور بدین، گھوٹکی، تھر، میرپور خاص، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد اور سانگھڑ میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل، شفافیت اور معیاری کام کو یقینی بنایا جائے۔ 444 ارب روپے کا سندھ ترقیاتی پلان 48 پی ایس ڈی پی منصوبوں، 50 Non- PSDP اور 7 پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبوں پر مشتمل ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کے مالی سال 22-2021 کے لیے اس پلان کے تحت 26 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ 8 وفاقی وزارتوں اور محکموں کو 16.304 ارب روپے کی منظوری بھی دی جاچکی ہے۔ سندھ ترقیاتی پلان میں سڑکوں، موٹر وے، ہاوسنگ، آئی ٹی و ٹیلی کام، آبی وسائل، صحت، اعلی تعلیم، وکیشنل ٹریننگ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلوے، توانائی اور کھیلوں کی سہولیات کے منصوبے شامل ہیں۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔