کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سینئر صحافی و اینکر ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان پہنچ گیا۔ پاکستان میں بھی ان کا پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچ گئی ہے، میت دوحہ سے قطر ایئرواز کی پرواز کے ذریعے رات ساڑھے 12 بجے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچی، اس موقع پرتحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری اور مراد سعید بھی موجود تھے۔ لوگوں کی بڑی تعداد پاکستان کا پرچم اٹھائے ایئرپورٹ پہنچی اور نعرے بازی بھی کی۔ صحافی ارشد شریف کی میت کوایئرپورٹ سے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کا دوبارہ پوسٹمارٹم کیا جائے گا۔ ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کیلئے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے کینیا کے صحافیوں نے بتایا ہے کہ ارشد شریف کا قتل کیا گیا ہے۔ میری آپ سب سے گزارش ہے کہ اس کو ہائی لائٹ کریں۔ دوسری جانب ارشد شریف کے قتل پر وزارت داخلہ نے تین رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ کمیٹی میں ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی، ڈائریکٹر ایف آئی اے اور لیفٹننٹ کرنل شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تحقیقاتی ٹیم فوری طور پر کینیا جائے گی اور کینیا میں پاکستانی ہائی کمیشن تحقیقاتی کمیٹی کی معاونت بھی کرے گا، کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کرکے وزارت داخلہ کو رپورٹ پیش کرے گی۔ مختلف صحافیوں کی طرف سے ارشد شریف کی کینیا میں موت کے واقعے سے متعلق تعزیتی ٹویٹ بھی کیے گئے ہیں۔