(ویب ڈیسک ) چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس منصور علی شاہ کو ججز کمیٹی میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دیدی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خط کے مزید مندرجات سامنے آگئے ہیں۔چیف جسٹس نے جسٹس منصورعلی شاہ کوججز کمیٹی میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دیدی۔
خط میں کہا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ نے مجھے اور جسٹس امین الدین کو آپ کا لکھا خط اجلاس کے دوران دیا، آپ کا خط میرے پاس آنے سے پہلے صحافیوں تک پہنچ گیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ قانون میں مجھے کمیٹی کے جج نامزد کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، آپ کے خط سے پیدا ہونے والے غلط بیانیے کے خاتمے کیلئے میرے پاس بھی سب کو نقول بھجوانے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے خط میں کہا کہ آپ کی جانب سے مجھ پر ججز کے انتخاب، غیر جمہوری اور ون مین شو جیسا فضول الزام لگایا گیا، آپ کی باتیں حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتیں، سپریم کورٹ کیلئے جو کچھ کیا وہ بتانے کی ضرورت نہیں۔