بلاول بھٹو کو ملکی تاریخ کا کم عمر ترین وزیر خارجہ بننے کا اعزاز مل گیا

بلاول بھٹو کو ملکی تاریخ کا کم عمر ترین وزیر خارجہ بننے کا اعزاز مل گیا
اسلام آباد( پبلک نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ملکی تاریخ کا کم عمر ترین وزیر خارجہ بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کے 37ویں وزیر خارجہ بن گئے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے 12ویں وزیرخارجہ تھے۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کو ملکی تاریخ کا کم عمر ترین وزیر خارجہ بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوگیاہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 33 برس، سات ماہ اور چھ دن کی عمر میں حلف اٹھا کر پاکستان کے کم عمر ترین وزیرخارجہ بننے کا اعزاز حاصل کیا۔شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بطور وزیر خارجہ حلف اٹھانے کے وقت عمر 35 برس، پانچ ماہ اور 10 دن جبکہ حنا ربانی کھر کی عمر 33 سال، آٹھ ماہ اور ایک دن تھی۔ قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر خارجہ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا تھا، صدر مملکت عارف علوی نے ان سے حلف لیا، اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔ گذشتہ روز پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے بلاول بھٹو زرداری کے وزیر خارجہ بننے کی منظوری دی تھی، خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے پہلی مرتبہ کوئی عوامی عہدہ حاصل کیا ہے، ان کے والد صدر مملکت جبکہ والدہ اور نانا پاکستان کے وزرائے اعظم رہ چکے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔