وفاقی کابینہ کا بڑا فیصلہ، آپریشن عزمِ استحکام کیلئے 20 ارب روپے کی منظوری

وفاقی کابینہ کا بڑا فیصلہ، آپریشن عزمِ استحکام کیلئے 20 ارب روپے کی منظوری
کیپشن: آپریشن عزمِ استحکام کیلئے 20 ارب کی منظوری، وفاقی کابینہ کا اجلاس شروع

ویب ڈیسک: وفاقی کابینہ نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ”آپریشن عزم استحکام“ کے لیے فوری 20 ارب روپے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں ملکی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ ملکی اقتصادی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ملکی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دوران اجلاس وفاقی کابینہ نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے آپریشن عزم استحکام کے لیے 20 ارب روپے کی منظوری دے دی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) سے بھی 20 ارب روپے کی منظوری لی جا چکی ہے۔ انسداد دہشت گردی کے لیے وفاقی کابینہ اپنی مسلح افواج کی مدد کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے وزارتوں کا حجم کم کرنے اور کفایت شعاری کے لئے قائم رائٹ سایزنگ کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری دے دی،وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سمری پر رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے  دی،رائیٹ سایئیزنگ کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف کو حال ہی میں تجاویز پیش کی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ نے رائٹ سائزنگ کمیٹی کی سفارش پر ایک لاکھ پچاس ہزار کے قریب خالی آسامیاں ختم کرنے کی منظوری دے  دی، نان-کور سروسز اور عام نوعیت کے کاموں مثلاً صفائی ، جینیٹورئل سروسز، کو آؤٹ سورس کرنے کی منظوری دی جبکہ آؤٹ سورسنگ کے نتیجے گریڈ 1 سے 16 تک کی متعدد آسامیاں بتدریج ختم کی جا سکیں گی اور وفاقی کابینہ نے کنٹینجینسی پریس پر بھرتیوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع  کا مزید کہنا ہےکہ وزارت خزانہ کو دیگر وفاقی وزارتوں کے کیش بیلنسز کی نگرانی کا اختیار دے دیا گیا ہے،وفاقی کابینہ نے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اور وزارت سرحدی امور کو ضم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے  جبکہ کابینہ نے پانچ وزارتوں میں 28 اداروں کو  مکمل بند کئے جانے کی منظوری دے دی ہے۔

یاد رہے کہ نیشنل ایپکس کمیٹی میں آپریشن عزم استحکام کی منظوری دی گئی تھی جس پر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز، بلوچستان میں دہشت گردی کے ایک سے زائد واقعات میں فوجی جوان اور شہریوں سمیت 50 کے قریب افراد شہید کر دیے گئے تھے۔ موسیٰ خیل، قلات اور لسبیلہ کے اضلاع میں دہشت گردی میں کئی بے گناہ شہریوں نے شہادت پائی تھی۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر جواب دیتے ہوئے کلیئرنس آپریشنز میں 21 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

Watch Live Public News