ویب ڈیسک: امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شریف خاندان کی آئی پیز کیپسٹی چارجز چھوڑ دیں تو بل کم ہوجائیں گے۔ہم آئی پی پیز کو نہیں پال سکتے، کل ملک بھر میں بھرپور ہڑتال ہو گی۔
تفصیلا ت کے مطابق لاہور میں ہال روڈ پر تاجروں کے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ مہنگے بلوں نے ملکی معیشت اور صنعت کو برباد کردیا ہے، کسی مارکیٹ کو تیس تو کسی کو چالیس ہزار روپے ٹیکس کو قبول نہیں کریں گے، آئی پی پیز کو نہیں پال سکتے,شریف خاندان کی آئی پیز کیپسٹی چارجز چھوڑ دیں تو بل کم ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 28 اگست کو ملک بھر میں تاریخی ہڑتال ہوگی، لاہور پاکستان کا دل ہے، سب تاجر ہڑتال پر یکجہتی کااظہار کریں گے، حکومت کہتی ہے ہڑتال سے کاروبار خراب ہوجائے گا تو وہ پہلے ہی خراب ہے، معیشت خود حکومت تباہ کررہی ہے، احتجاج کی کوشش سے حکومت کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بھرپور ہڑتال ہوگی پھر تاجروں سے مشاورت کریں گے، اگر ریلیف نہ ملا تو آئندہ بھی ہڑتالیں کریں گے، کسی بھی حکومتی سازش سے جدوجہد کو سبوتاژ نہ ہونے دیں، "حق دو عوام کو" کے سلسلے میں کل ہڑتال کے موقع پر آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان میں جو واقعہ ہوا وہ قابل مذمت ہے، چن چن کر قتل کوئی انسان نہیں کرسکتا، دہشت گرد بیرونی طاقتوں پر دہشت گردی کرنا چاہتے ہیں، دشمنوں کا ایجنڈا ہے ملک کو کمزور کیا جائے، فوج اور عوام میں تقسیم کرنے والوں کو معاف نہیں کیاجا سکتا۔
حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ بلیک واٹر، بھارتی را یا بیرونی ایجنسیوں کے ایجنڈے و دہشت گردی کو قبول نہیں کیاجا سکتا، بلوچوں کی لیڈر شپ سے بات چیت کرکے مسئلے کو حل کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نےاسرائیل کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کیا اب بھی مسلم حکمرانوں اور افواج کی آنکھیں بند رہیں گی ؟اسرائیلی وزیر کا مسجد اقصیٰ کے اندر یہودی عبادت گاہ بنانے کا اعلان ناقابل قبول ہے،امت مسلمہ ایسے کسی بھی گھناؤنے منصوبے کی مزاحمت کرے گی۔اسرائیل ایک ناسور ہے جس کے بڑھتے قدموں کو روکنے کے لیے امت کو متحد ہونا پڑے گا،ناپاک صیہونی ایجنڈے کو صرف مزاحمت کے ذریعے ہی روکا جاسکتا ہے۔