9 مئی کا بیانیہ دفن ہوچکا، مداخلت کے ساتھ الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں، مولانافضل الرحمان

9 مئی کا بیانیہ دفن ہوچکا، مداخلت کے ساتھ الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں، مولانافضل الرحمان
کیپشن: The narrative of May 9 has been buried, there is no use of election with interference, Maulana Fazlur Rehman

ویب ڈیسک: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 9 مئی کا بیانیہ دفن ہوچکا ہے۔ مداخلت کے ساتھ الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ جے یو آئی کسی قسم کی ووٹنگ میں حصہ نہیں لے گی۔ جو حکومتی سسٹم میں ان ہیں وہ جلد ہی روئیں گے اور جو باہر ہیں وہ جم کر بات کریں گے۔

منگل کوپشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسمبلیوں میں جے یو آئی کے اراکین کسی قسم کی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنہ 2018 میں بھی سب کہتے تھے دھاندلی ہوئی ہے اور آج بھی وہی معاملہ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ لوگ اپنے گھروں میں سوئے ہوئے تھے انہیں پتا ہی نہیں تھا کہ وہ انتخابات جیت چکے ہیں جبکہ جو جیتے ہوئے تھے انہیں ہروادیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی مہم دیکھ کر اندازہ ہوجاتا ہے کہ کون جیتے گا اور کون ہارے گا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ جب تک ان کی پارٹی فیصلہ نہیں کرلیتی اور پارلیمانی نظام سے لاتعلقی کا اظہار نہیں کیا جاتا تب تک ہم اس نظام میں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں اسٹیٹ بینک اور بڑے بڑے ادارے آئی ایم ایف کے حوالے کردیے گئے تھے ہم نے اعتراض کیا تھا لیکن سنی نہیں گئی۔

انتخابی نتائج کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا بیانیہ دفن ہوچکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مداخلت کے ساتھ الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں۔

Watch Live Public News