امریکا: سابق طالبہ اور موجودہ پروفیسر کا اپنے کالج کیلئے 1 ارب ڈالر کا عطیہ

امریکا: سابق طالبہ اور موجودہ پروفیسر کا اپنے کالج کیلئے 1 ارب ڈالر کا عطیہ
کیپشن: امریکا: سابق طالبہ اور موجودہ پروفیسر کا اپنے کالج کیلئے 1 ارب ڈالر کا عطیہ

ویب ڈیسک: میڈیکل کالج کی سابق طالبہ اور موجودہ پروفیسر آف میڈیسن نے  اپنے کالج کیلئے ایک ارب ڈالر کا عطیہ دیدیا

البرٹ آئن اسٹائن کالج آف میڈیسن کی ایک سابق پروفیسر، نیو یارک سٹی اسکول کو ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا عطیہ دیاہے، جو امریکہ میں کسی کالج کے تمام طالبعلموں کی ٹیوشن فیس کے لیے ادا کیا جانے والا اپنی نوعیت کا اب تک کا سب سے بڑا عطیہ ہے۔

البرٹ آئن اسٹائن کالج آف میڈیسن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں  کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر روتھ گوٹیسمین یہ عطیہ اپنےآنجہانی شوہر ڈیوڈ سینڈی گوٹیسمن کی جانب سے انہیں ورثے میں ملنے والی رقم میں سے دے رہی ہیں ،جو وال اسٹریٹ کے ایک فائننسر اور رئیل اسٹیٹ کی ایک ملٹی نیشنل کمپنی برکشائر ہیتھا وے کے سرمایہ کار تھے ،جن کا ستمبر 2022 میں انتقال ہو گیا تھا۔

یہ اتنی بڑی اور دل کو چھولینے والی خبر ہے کہ میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ نمایاں نظر آتی ہے۔

ڈاکٹر روتھ گوٹیسمین نے اسکول کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں کہا، “میں اپنے آنجہانی شوہر سینڈی کی بہت شکر گزار ہوں کہ انہوں نے یہ فنڈز میری نگرانی میں چھوڑے اور میں اسے اپنی خوش قسمتی سمجھتی ہوں کہ مجھے یہ تحفہ ایک ایسے مقتدر مقصد کے لیےپیش کرنے کا عظیم موقع دیا گیا۔”

روتھ گوٹس مین ،1968 میں البرٹ آئن اسٹائن کالج آف میڈیسن میں داخل ہوئی تھیں ۔ سکول میں اپنے زمانے میں انہوں نے بچوں میں سیکھنے کے عمل میں در پیش معذوریوں پر ریسرچ کی تھی اور ایک بالغ لٹریسی پروگرام تشکیل دیا تھا۔.

فی الحال وہ آئن اسٹائن بورڈ آف ٹرسٹیز کی چئیر پرسن ہیں اور اسکول سے منسلک ہسپتال ، مونٹیفیور ہیلتھ سسٹم کے بورڈ میں خدمات انجام دیتی ہیں۔

یہ اسکول جس میں لگ بھگ 1100 طالبعلم تعلیم حاصل کرتے ہیں، برونکس میں واقع ہے،جو یونیورسٹی آف وسکانسن پاپولیشن ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق صحت کی سہولیات اور دیگرعوامل کے اعتبار سے ریاست نیو یارک میں آخری نمبر پر ہے ۔

اس عطیے کے بعد، کالج کے تمام فل ٹائم اسٹوڈنٹس کو 2024 کی سیمسٹر ٹیوشن فیس واپس مل جائے گی اور مستقبل کے تمام طالبعلم ٹیوشن فیس ادا کیے بغیر کالج میں تعلیم حاصل کریں گے۔

اس کالج میں سالانہ ٹیوشن فیس لگ بھگ 60 ہزا ر ڈالر ہے ، جس کے نتیجے میں بہت سے طالبعلموں پر گریجوایشن کے بعد دو لاکھ ڈالر سے زیادہ کا قرض ہوتا ہے ۔

اسکول نے کہا ہے کہ،” زندگی بدلنے والے اس تحفے کا مقصد ایک باصلاحیت افراد کے ایک ایسے متنوع گروپ کو مائل کرنا ہے جن کے پاس ہو سکتا ہے دوسری صورت میں کسی میڈیکل ایجو کیشن کے حصول کے لیے وسائل نہ ہوں ۔” اس کا مزید کہنا تھا کہ “یہ ملک بھر کے کسی میڈیکل کالج کو دیا جانے والا سب سے بڑا عطیہ ہے ۔”

Watch Live Public News