ویب ڈیسک: حالیہ ڈیجیٹل مردم شماری کی رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ملک میں غیر شادی شدہ افراد کی تعداد 4 کروڑ 25 لاکھ ہوگئی ہے۔
مردم شماری رپورٹ کے مطابق گزشتہ 6 سالوں میں غیرشادی شدہ افراد کی تعداد میں تقریباً 52 لاکھ کا اضافہ ہوا، 2017 میں غیرشادی شدہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 73 لاکھ تھی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں غیر شادی شدہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ 2کروڑ 36لاکھ ہے، سندھ 95 لاکھ 86ہزار، خیبرپختونخوا66 لاکھ 72 ہزار، بلوچستان 21 لاکھ 81 ہزار جب کہ اسلام آباد میں غیر شادی شدہ افراد کی تعداد 4 لاکھ 86 ہزار ہوگئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں شادی شدہ افراد کی تعداد 9 کروڑ 45 لاکھ ہے اور 6 برسوں میں شادی شدہ افراد کی تعداد میں ایک کروڑ 42 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ مردم شماری میں طلاق یافتہ اور بیوہ خواتین کی تعداد میں کمی دیکھی گئی ہے، ملک میں طلاق یافتہ خواتین کی تعداد 4 لاکھ 99 ہزار ہے اور 2017 میں طلاق یافتہ خواتین کی تعداد 5 لاکھ 15 ہزار تھی۔
ادارہ شماریات نے 15 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کے ڈیٹا کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کی ہے۔