شاہراہ قراقرم: شدید بارشیں،لینڈسلائیڈنگ سے شاہراہیں بند،سینکڑوں مسافر پھنس گئے

شاہراہ قراقرم: شدید بارشیں،لینڈسلائیڈنگ سے شاہراہیں بند،سینکڑوں مسافر پھنس گئے
کیپشن: شاہ قراقرم: شدید بارشیں،لینڈسلائیڈنگ سے شاہراہیں بند،سینکڑوں مسافر پھنس گئے

ویب ڈیسک: کوہستان میں شاہراہ قراقرم پر داسو سے سمر نالہ سے تقریباً 20 کلو میٹر کے علاقے میں شدید بارشوں کے سبب لینڈ سلائیڈنگ اور سڑک کی تعمیر اور ملبے کی وجہ سے سڑک بند ہونے سے مسافروں کی بڑی تعداد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

داسو تحصیل چیئرمین غلام سعید خان کے مطابق شدید بارش ہونے  کے بعد داسو سے سمر نالہ تک لینڈ سلائیڈنگ کے علاوہ تعمیراتی ملبہ روڈ پر آنے سے یہ مصروف شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ہے۔

 آج صبح ہونے والی انتہائی تیز بارش کی وجہ سے مزید لینڈ سلائیڈنگ ہونے کا خدشہ ہے۔‘

'لینڈ سلائیڈنگ والے مقامات پر واپڈا، این ایچ اے، اپر کوہستان انتظامیہ کی جانب سے سڑک کھولنے کے لیے بھاری مشنیری تو مطلوبہ مقام پر موجود ہے تاہم تیز بارش کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم جیسے ہی بارش میں وقفہ ہوتا ہے تو ملبہ ہٹانے کا کام فی الفور شروع کردیا جائے گا۔‘

یادرہےکہ شاہراہ قراقرم پر گلگت بلتستان اور راولپنڈی کے لیے روزانہ تقریباً 70 سے 80 مسافر گاڑیاں چلتی ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد کچھ کو تو سفر پر روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی گئی تاہم کُچھ راستے میں ہیں جو سڑک کی بندش کی وجہ سے مطلوبہ مقام تک نہیں پہنچیں۔ زیادہ تر مسافر داسو میں پھنسے ہوئے ہیں جہاں پر ان کو رہائش کھانا پینا دستیاب ہے جبکہ تقریباً دو سو خاندانوں کو سرکاری عمارتوں میں عارضی رہائش فراہم کی گئی ہے۔‘

غلام سعید خان نے کوہستان اور گلگت بلتستان کی جانب سفر کرنے سے منع کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ ’بارش کی وجہ سے سڑک بند ہے اور اس جانب سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘

گلگت بلتستان کے ضلع دیامیر کی حدود میں ایک دو مقامات پر مٹی کے تودے گرنے سے روڈ بند ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

مظفرآبادمیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا تیسرا روز: 

مظفرآباد کے زیریں علاقوں میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش بلند پہاڑی مقامات پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ 

بالائی وادی نیلم ، وادی گریس  ،وادی لیپہ اورضلع حویلی کی بلند مقامات پر برفباری جاری ہے۔ضلع باغ ، پونچھ ، سدھنوتی، ضلع جہلم ویلی اور مظفرآباد کہیں بارش اور کہیں بلند علاقوں میں برفباری جاری ہے۔ 

وادی لیپہ برف باری برفانی تودے گرنے کی وجہ سے لیپہ ریشیاں روڈ بند ہوگی۔ وادی کاباقی دنیا سے  زمینی رابطہ دو دن سے  منقطع ہے۔سڑکوں  کی بندش کی وجہ سے مسافروں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔بلند مقامات  ریشیاں ،داؤ کھن ،پنجال گلی ،بتھواڑ گلی،شیشہ مالی ،شمس پری پہاڑ برف باری کی لپیٹ میں ہیں۔   

بالائی علاقوں منڈا کلی،کلی منڈل،چنیاں،نو کوٹ، چمولہ ،بجلدہار ،بٹلیاں ،میں برف باری ہو رہی ہے ۔مظفرآباد پیر چناسی ، مکڑا اور پیر ہسی مار پہاڑوں پر برفباری جاری ہے۔

Watch Live Public News