ویب ڈیسک : پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر نے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی سروس شروع کرنے کے ارادے کا اعلان کیا اور بڑھتے ہوئے تجارتی اور سفارتی روابط کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین نے 26 جنوری کے روز پشاور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ اعلان کیا۔
محمد اقبال حسین نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات پر زور دیتے ہوئے سفر اور رابطے کی سہولت کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے ارادے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان سیاحت، تعلیم اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو گا۔البتہ دونوں ملکوں کے درمیان براہ راست پروازوں کے لیے کسی ٹائم لائن کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہائی کمشنر نے بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی اور سفارتی تعلقات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ تعلقات اسی طرح مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ نومبر کے وسط میں کراچی سے ایک کارگو جہاز بھی پہلی بار براہ راست بنگلہ دیش کی چٹاگانگ بندرگاہ پہنچا تھا۔ یہ سنگ میل بھی دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں ایک اہم قدم ہے، کیونکہ تجارت اور سامان کے تبادلے کے لیے جہاز رانی کا یہ ایک اہم اور زیادہ موثر راستہ ہے۔