لاہور ( پبلک نیوز) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں محنت اوراخلاص کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی وبیرونی چیلنجز درپیش ہیں۔ موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست غیر دانشمندانہ اور ملکی مفادات کے منافی ہے۔ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پاکستان ترقی وخوشحالی کی منزل طے کرے۔ اپوزیشن ٹولہ پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں انتشار پھیلا کر ذاتی ایجنڈے کی تکمیل چاہتی ہیں۔ بدقسمتی سے اپوزیشن نے قومی مفادات کو پس پشت ڈالا ہوا ہے۔ عوام منفی سیاست کی بجائے ملک کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان عناصر کے ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام رہیں گے۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کا شرانگیز بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے۔ اپوزیشن کے پاس کوئی پروگرام ہے نہ ایجنڈا، پی ڈی ایم کے غیر فطری اتحاد کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔ اپوزیشن عناصر کا دامن کرپشن سے آلودہ ہے۔ مایوسی کا شکار پی ڈی ایم کا ٹولہ عوام کو گمراہ نہیں کرسکتا۔ اپوزیشن کا طرز عمل مکمل طورپر غیرجمہوری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جرأت کے ساتھ عوامی امنگوں کے مطابق ملکی مفاد میں فیصلے کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار بڑے لوگوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ ماضی میں جن لوگوں پر کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا تھا، آج وہ قانون کی گرفت میں ہیں-