وزیر اعظم کی سستی بجلی پیدا کرکے گھریلو صارفین کو ریلیف پہنچانےکی ہدایت

وزیر اعظم کی سستی بجلی پیدا کرکے گھریلو صارفین کو ریلیف پہنچانےکی ہدایت
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں سستی بجلی پیدا کرکے گھریلو صارفین اور صنعتوں کو ریلیف پہنچانےکی ہدایت کردی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں افغانستان سے درآمد شدہ کوئلے کی نقل و حمل کا نظام بہتر بنانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں وفاقی وزیرتجارت سید نوید قمر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیر اعظم کے مشیر احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعظم نے بین الاقوامی منڈی میں کوئلے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسے ملک میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس سے مہنگی بجلی پیدا کرنے کا بنیادی سبب قرار دیا۔ وزیراعظم نے ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچانے کے لئے افغانستان سے اعلی کوالٹی کا کوئلہ ڈالرز کی بجائے روپوں میں درآمد کرنے کی منظوری دی، اس سے نہ صرف سستی بجلی پیدا کرنے بلکہ ملک کا قیمتی زرمبادلہ بچانے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر صرف ساہیوال اور حب پاور پلانٹس کے لئے درکار کوئلے کی افغانستان سے درآمد پر امپورٹ بل میں سالانہ 2.2 ارب ڈالر سے زیادہ کی بچت ہو گی۔وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کوہدایت کی کہ وہ اس مقصد کے لئے موثر نظام وضع کریں، تاکہ ملک میں سستی بجلی پیدا کر کے گھریلو صارفین اور صنعتوں کو ریلیف پہنچایا جاسکے۔ وزیراعظم نے وزارت ریلوے کو بھی ہدایت کی کہ وہ افغانستان سے درآمد شدہ کوئلے کی پاور پلانٹس تک جلد از جلد ترسیل کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں۔وزیراعظم نے درآمدی عمل کو تیز تر بنانے کے لئے وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں تمام متعلقہ حکام کی کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔