چاہت فتح علی خان نے ’بدو بدی‘ یوٹیوب پر دوبارہ ریلیز کردیا

چاہت فتح علی خان نے ’بدو بدی‘ یوٹیوب پر دوبارہ ریلیز کردیا

ویب ڈیسک: اپنے مزاحیہ انداز سے مشہور ہونے والے گلوکار چاہت فتح علی خان نے اپنا وائرل گانا ’ بدو بدی‘ کاپی رائٹس کے تحت یوٹیوب سے ڈیلیٹ کیے جانے کے 3 ہفتوں بعد ہی دوبارہ یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چاہت فتح علی خان نے گانے کو دوبارہ ریلیز کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے گانے پر میڈم ملکہ ترنم نورجہاں کے یوٹیوب چینل چلانے والوں کی جانب سے کاپی رائٹس کا دعویٰ واپس لیا گیا، جس کے بعد انہوں نے گانے کو دوبارہ ریلیز کیا۔

انہوں نے نورجہاں کے نام سے یوٹیوب چینل چلانے والے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ انہوں نے گانا کاپی نہیں کیا تھا، ان کا ’ بدو بدی‘ مختلف ہے۔

امیڈین گلوکار کا کہنا تھا کہ لوگ ان سے جلتے ہیں، جن لوگوں کے پاس کرنے کے لیے کوئی کام نہیں، انہوں نے ہی ان کا گانا ڈیلیٹ کروایا تھا لیکن اب یوٹیوب نے انہیں ان کا گانا واپس کردیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ بدو بدی‘ کو گاکر انہوں نے ملکہ ترنم نورجہاں کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔

چاہت فتح علی خان کا ’ بدو بدی‘ گانا 6 جون کو کاپی رائٹس کے دعوے کے تحت ڈیلیٹ کیا گیا تھا اور ان کے گانے کو یوٹیوب پر 2 کروڑ 80 لاکھ بار دیکھا جا چکا تھا۔

تاہم اب انہوں نے اسی گانے کی ویڈیو کو یوٹیوب پر دوبارہ اپ لوڈ کردیا لیکن ان کا پرانا گانا بحال نہیں ہوا۔

انہوں نے ’ بدو بدی‘ کو پہلی بار عید الفطر کے موقع پر چاند رات کو ریلیز کیا تھا اور ان کا گانا دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں وائرل ہوگیا تھا اور گانا یوٹیوب، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا ویب سائٹس پر ٹرینڈ بھی رہا۔

بعد ازاں چاہت فتح علی خان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ’ بدو بدی‘ ٹو بھی ریلیز کیا تھا لیکن مذکورہ گانا شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا۔

Watch Live Public News