پشاور: ضلعی انتظامیہ کا کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن

پشاور: ضلعی انتظامیہ کا کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن

پشاور(پبلک نیوز) ضلعی انتظامیہ کا پشاور بھر میں کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن(ر) خالد محمود نے کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیاں کورونا کی تیسری لہر کا پیش خیمہ ہو سکتی ہیں۔

کورونا کیسز میں مسلسل اضافے کے بعد پشاور بھر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دیوان حیات شادی ہال، مون شادی ہال اور مون گیڈرنگ سمیت 5 شادی ہالوں کے منیجرز کو گرفتار کیا گیا۔

انتظامی افسران نے حیات آباد، رنگ روڈ، جی ٹی روڈ، صدر، یونیورسٹی روڈ، اندرون شہر اور دیگر بازاروں میں کورونا ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنایا۔ پابندی کے باوجود دکانیں کھولنے، سیفٹی ماسک استعمال نہ کرنے اور کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 25 دکانداروں کو گرفتار کیا گیا اور 19 دکانیں سیل کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق بی آر ٹی سٹیشنوں میں سیفٹی ماسک استعمال نہ کرنے پر 109 شہریوں کو جرمانہ کیا گیا اورقصہ خوانی بازار میں تجاوزات مافیا کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا گیا اور تجاوزات ہٹا دی گئیں۔

ڈپٹی کمشنرپشاور کیپٹن(ر) خالد محمودنے کہا ہے کہ کورونا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کاروائیاں جاری رہیں گی۔ تاجران حکومتی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کریں،خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔