برطانیہ میں توہین رسالت کے افسوسناک واقعہ پر احتجاج

برطانیہ میں توہین رسالت کے افسوسناک واقعہ پر احتجاج

ویب ڈیسک: برطانوی میڈیا کے مطابق ویسٹ یارک شائر کے علاقے میں واقع ایک سکول میں توہین رسالت کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس پر طلبہ کے والدین اور مسلم کمیونٹی کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔

باٹلے گرائمر سکول کے استاد پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی کلاس میں سبق کے دوران متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کے شائع کردہ گستاخانہ خاکے دکھائے تھے۔ واقعہ کے خلاف طلبہ، ان کے اہلخانہ اور مسلم کمیونٹی کی جانب سے شدید احتجاج سامنے آیا۔ سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیچر کو اس حرکت پر برخاست کر دیا گیا ہے جبکہ واقعہ کی مزید انکوئری کی جاری ہے۔ افسوناک واقعہ کے بعد سکول انتظامیہ نے بچوں کو چھٹی دیدی ہے اور سکول کو فی الحال بند کر دیا ہے۔ سکول انتظامیہ کی جانب سے اضافی سکیورٹی کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔

سکول انتظامیہ نے اپنے پیغام میں واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ ٹیچر کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے، سکول انتظامیہ بین مذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے، اور ایسے ناخوشگوار واقعے پر معذرت خواہ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں گستاخانہ خاکوں پر یورپی ملک فرانس کیخلاف بھی دنیا بھر میں شدید احتجاج دیکھنے میں آیا تھا اور مسلم دنیا میں فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم روز پکڑ گئی تھی۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔