حکومت جائے یا جان کبھی انکو معاف نہیں کروں گا

حکومت جائے یا جان کبھی انکو معاف نہیں کروں گا
اسلام آبادمیں ''امربالمعروف''کے موضوع پر تحریک انصاف کا پاور شو ، وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت جاتی ہے تو جائے، جان جاتی ہے تو جائے میں انہیں معاف نہیں کروں گا انکو کوئی این آر او نہیں دوں گا . وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، ممبران کو پیسوں کا لالچ دیا گیا، ارکان کے ضمیرخریدنے کی کوشش کی گئی، میں نے آج بڑی اہم باتیں کرنی ہیں، میں نے آج دل کی باتیں کرنی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ دین کو سیاست میں کیوں استعما ل کرتے ہیں ، میں کہتا ہوں کہ پاکستان ایک نظریے کے لیے بنا تھا، جب یہ جماعت بنائی تھی تو صرف اسلیے سیاست میں آیا تھا کہ نظریہ پاکستان کی تکمیل کروں . مجھے مغرب میں جاکر پتہ چلا کہ فلاحی ریاست کیا ہوتی ہے، یورپ میں انسان توکیاجانوروں کےبھی حقوق ہیں،قوم صرف نظریےپربنتی ہےورنہ لوگوں کاحجوم رہیں گے. ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے بیرونی مداخلت کے حوالے سے بات کی، خطاب کے آخرمیں بتاؤں گا باہر سے مداخلت کون کر رہاہے، پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے سفر کا آغاز کر دیا، ہر خاندان کو دس لاکھ کی ہیلتھ کوریج دی، غریب کے لیے علاج کرانا سب سے بڑا مسئلہ ہے، پاکستان کی تاریخ میں کبھی کمزور طبقے کو اٹھانے کیلئے اتنا پیسہ نہیں خرچ کیا گیا. ان کا کہنا تھا کہ میرا ملک صرف ترقی کرے گا جب ہم سنت نبوی (ص) اپنائیں گے، ہمارے نبیؐ نے دنیا کی پہلی فلاحی ریاست بنائی تھی، جیسے جیسے میں ٹیکس کا پیسہ اکٹھا کرتا جاؤں گا، وہ پیسہ عوام پر خرچ کرتا جاؤں گا.چھوٹا چور ملک کو تباہ نہیں کرتا، بڑا ڈاکو ملک کو تباہ کرتا ہے،تین چوہے 30سال سے ملک کو لوٹ رہے ہیں،ان تین چوہوں کے اربوں ڈالر بیرون ملک پڑے ہیں، سارا ڈرامہ ہو رہا ہے کہ عمران خان این آر او دیدیے. ان کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے بلیک میل کر رہے ہیں، حکومت جاتی ہے جائے , جان جاتی ہے جائے، کبھی ان کو معاف نہیں کروں گا۔مشرف نےاپنی حکومت بچانےکیلئےان کواین آراودے کراس ملک پرظلم کیا. انہوں نے مزید کہا چاہتے ہیں گھریلو ملازمین کو برابر کے حقوق ملیں ، امر بالمعروف کا مطلب ہے کہ قوم اچھائی کا ساتھ دے، برائی کیخلاف جہاد کرے،حکومت کو گرانے کیلئے لوگوں کے ضمیروں کا سودا کیا جارہا ہے،انہوں نے فیصلہ کیا کہ حکومت کوگرانا ہے کیونکہ پاکستان تباہ ہورہا ہے،تاریخ میں کسی حکومت نے اتنی پرفارمنس نہیں دی جو ہم نے دی،تاریخ میں ساڑھے تین سال میں کسی حکومت نے ہمارے جیسی کارکردگی نہیں دکھائی. وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران پوری دنیا بند ہوگئی، غریب کچلے گئے،کورونا کے دوران لاک ڈاون نہیں لگایا،سندھ حکومت نے لاک ڈاون لگا دیا میری با ت نہیں مانی،سار ی دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے کورونا کے دوران اپنی معیشت اور لوگوں کو بچایا،پاکستان میں آج سب سے کم بے روزگاری ہے،کورونا کے دوران چیری بلاسم، ڈیزل ،بیماری اور بھگوڑے نے مجھ پر تنقید کی،جب ساری دنیا کی معیشت تباہ ہورہی تھی اس دوران ہماری معیشت بڑھی،ہماری ایکسپورٹس میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے،کنسٹرکشن انڈسٹری میں تیزی سے اضافہ ہوا،ہم نے کنسٹرکشن انڈسٹری کے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کیں،اس ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ پیسہ کسانوں کے پاس گیا. عمران خان کا کہنا تھا کہ 50سال کے بعد ملک میں بڑے ڈیم بن رہے ہیں،مہمند ڈیم 2025میں مکمل ہوجائے گا،2025میں مہمندڈیم بننےسےپورےپشاورکوپانی ملےگا،مہمند ڈیم سے خیبرپختونخوا کو پانی اور سستی بجلی ملے گی، ڈیم بننے شہری آبادیوں کو پانی فراہم کیاجائےگا. عمران خان کا کہنا تھا کہ میں اینکرز کو پیغام دیتاہوں کہ معیشیت کے ماہرین کو بلائیں اور ماضی اور آج کی حکومت کا موازنہ کریں، پہلی بار اسلام آباد کے بعد ایک نیا شہر بنانے جا رہے ہیں. ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے زندگی میں کبھی ایک گھنٹہ کام نہیں کیا،کانپیں ٹانگنے والا کہتا ہے میں لیڈر بننا چاہتا ہوں، بلاول ہر روز کہتا ہے کہ مجھے نیب نے بلایا تو یہ کروں گا، کیا کروگے تو کہا میں رو پڑوں گا،راوی سٹی میں 2کروڑ درخت پانی لگائیں گے. راولپنڈی کو تبدیل کرنے کیلئے نالہ لئی پراجیکٹ بن رہا ہے،نالہ لئی کے پانی کو صاف کریں گے. انہوں نے کہا ڈیزل پر بعد میں بات کریں گے، آج سے گیارہ سال پہلے بلوچستان کے اندر کوئلے اور تانبے کی کانیں تھیں، مائنگ کمپنی پاکستان کو عدالت لے گئی، ہمیں‌عالمی عدالت میں دو ہزار ارب کا جرمانہ ہوا، میری ٹیم نے تین سال تک مذاکرات کیے اور جرمانہ معاف کرایا اور اسی مائننگ کمپنی کو واپس لائے وہی کمپنی اب 9 ارب ڈالر ز کی انویسمنٹ کر رہی ہے. انکا کہنا تھا کہ کہ رینٹل پاور میں پاکستان کو دوسو ارب کا جرمانہ ہوا، میں نے صدر اردگان سے بات کی اور وہ جرمانہ ختم کرایا، میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ کرپشن سے پاک حکومت آتی ہے تو قوم کو کتنافائدہ ہوتا ہے، ہماری حکومت نے گیس کے نئے معائدے کیے، اب پاکستان کو دس سال میں سات سو ارب روپے کی بچت ہو گی. ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے این ایچ اے اپنے نیچے رکھی ہوئی تھی، نیشنل ہائی اتھارٹی کی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ 2013 میں سڑکیں کتنے میں بنتی تھیں اور آج کتنے کی بنتی ہیں، آج بننے والی سڑکیں 2013 کے مقابلے میں سستی ہیں. ہم نے تخمینہ لگایا کہ جس ریٹ میں انہوں نے سڑکیں بنائی انہوں نے ایک ہزارارب کی چوری کی. 30سال سے یہ حکومت میں تھے کبھی انہوں نے آنے والی نسلوں کا سوچا؟ان کا تو سب کچھ لندن میں ہے ان کو پاکستان کی فکر کیوں ہو،کیا 30سال اقتدار میں رہنےوالوں نے کبھی نوجوان نسل کے لیے سوچا؟ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میرے ماں باپ ایک غلام ہندوستان میں پیدا ہوئے تھے ، ہم پہلی نسل تھے جو آزاد ملک میں پیدا ہوئے، میرے ماں باپ نے آزادی کے لیے جدوجہد کی، بیرون ملک میں موجود پاکستانیوں سے پوچھیں کہ اپنے آزاد ملک میں رہنا کتنی بڑی نعمت ہے. ساری دنیا اس کی عزت کرتی ہے جو اپنی عزت کرتا ہے،بے غیرت انسان کی کوئی عزت نہیں کرتا. عمران خان نے مزید کہا آپ پیسے کی پوجا کرتے ہیں، سپر پاورز کے سامنے سر جھکاتے ہیں،آپ پیسے لے کر اپنے ملک پر بمباری کراتے ہیں،جوانسان کےسامنےجھکتاہےاس کی کوئی عزت نہیں کرتا. خوددار قومیں اوپر جاتی ہیں، بھیک مانگنے والی قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں، میں کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا کبھی اپنی قوم کو بھی نہیں جھکنے دوں گا. ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کو پرانے لیڈرز کے کرتوتوں کی وجہ سے دھمکیاں ملتی رہیں،ہمارے ملک کو ہمارے پرانے لیڈرز کی کرتوتوں کی وجہ سے دھمکیاں ملتی رہیں،بھٹو نے ملک کو خوددار خارجہ پالیسی دینے کی کوشش کی،ذوالفقارعلی بھٹوسےبہت اختلاف ہےلیکن اس کی خودداری بہت پسندتھی،فضل الرحمان اورنوازشریف کی پارٹیوں نےبھٹوکےخلاف تحریک چلائی،آج جیسے حالات ملک میں پیدا کر دیئے گئے، ان حالات کی وجہ سے ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی. باہر سے ہمارے ملک کی خارجہ پالیسی کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمیں پہلے ہی پتہ ہے کہ یہ ایک سازش ہو رہی ہے، قاتل کو مقتول کو اکٹھا کرنے والوں کا پتہ ہے، آج ذوالفقار علی بھٹو والا وقت نہیں ہے۔ ہم سب سے دوستی کرٰیں گے لیکن کسی کی غلامی نہیں کریں گے، ہمارے ملک میں باہر کے پیسے سے حکومت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، باہر سے پیسہ آ رہا ہے اور لوگ استعمال ہورہے ہیں. ان کا کہنا تھا کہ باہر سے پیسے لے کر سازش کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،ڈیموکریٹ عوام کے پاس جاتا ہے، میں نے آپ کو اسی لئے بلایا تھا،میرے پاس اس بیرونی سازش کا ثبوت ہے، میں اپنی قوم اور میڈیا کو کہتا ہوں کہ دھمکیاں مل رہی ہیں. ہم ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔بیرونی سازش پر بہت سی باتیں ہیں جو وقت پر سامنے لائی جائینگی۔مجھے کسی چیز کا خوف نہیں بلکہ میری کوشش ہوتی ہے کہ میرے ملک کے مفادات کو نقصان نہ پہنچے. میں ان کرپٹ عناصر سے پچیس سالوں سے لڑ رہا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ زرداری اور نواز شریف نے ملک کو لوٹنے کے سوا کچھ نہیں کیا، میرا ان سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں بلکہ پاکستان کیلئے لڑ رہا ہوں، ہماری قوم عظیم ہےمگر تیس سالوں کی کرپشن کی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے، پاکستان کی پارلیمان میں جب ووٹنگ ہو گی جو وہاں مستعفیٰ ہوئے بغیر اپوزیشن کی طرف سے ووٹ ڈالنے جائے گا اسکو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی ۔ یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے . زرداری صرف تب تک برا چور ہے جب تک ن لیگ کے ساتھ نہیں ہے ۔ اس کا مطلب کہ چوری بری چیز نہیں ہے انکی نظر میں، 25 کروڑ لے کر ضمیر جاگنے کی بات قوم نہیں مانے گی. ہمارے اراکین واپس آ جائیں گے اور دوسری پارٹیوں کے با ضمیر لوگ بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہو جائینگے جب اُن کو معلوم ہو جائیگا کے پاکستان پر کس قسم کے چیلنج کا سامنا ہے. میری قوم عہد کرے کہ کسی بھی حکمران کو خود کو کسی کے سامنے جھکنے نہ دیں. اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دیگر رہنماؤں نے بھی جلسے سے خطاب کیا، رہنماء تحریک انصاف علی زیدی نے کہا کہ زرداری ٹولے نے سندھ کے اسپتال تباہ کردیے، پورا سندھ تباہ کردیا، عمران خان کی قیادت میں چوہے کا شکار کر کے دکھاؤں گا۔علی زیدی نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک لانے کی 4، 6 وجوہات ہیں، وجہ یہ ہے آج تک پاکستان میں اتنا ٹیکس وصولی نہیں ہوئی، عمران خان نے کشمیر کو عالمی ایشو بنایا ہے۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے تجویز دی کہ خان صاحب عوام آپ کے ساتھ، الیکشن کال کردو، مخالفین کو چل پتہ جائے گا۔ اسد عمر نے کہا کہ حرام کی دولت والے حکمران آنکھیں اٹھا کر بات نہیں کرسکتے تھے، عمران خان نے جرات کیساتھ اقوام متحدہ میں اسلام کا مقدمہ لڑا، وزیراعظم صاحب! عدم اعتماد چھوٹی چیز ہے، پاکستان کی عوام عمران خان کے ساتھ ہے، فتح آپ کی ہوگی، عمران خان نے قوم کو جگا دیا ہے، جتنا بڑا جلسہ ہے ٹی وی اسے کور نہیں کر سکتا، لاکھوں لوگ پنڈال کے باہر موجود ہیں، خان صاحب الیکشن تو اگلے سال ہے دل کر رہا ہے الیکشن کال کر دو ان کو پتا چل جائے گا عوام کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کے ساتھ دوستی چاہتے ہیں، ہم کسی ملک کی غلامی نہیں کریں گے، کیا عمران خان بچوں کے لیے پراپرٹی بنانے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے؟ عمران خان پاکستان بچانے کی جنگ لڑ رہا ہے، ایک طرف حرام کے پیسوں کا استعمال کرنے والے ہیں، یہ جنگ عمران خان نہیں پاکستان کی جنگ ہے، یہ 22 کروڑ مسلمانوں کا ملک ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تین کرپٹ ٹولہ لیڈر نہیں ڈاکو ہے، عوام ان ڈاکوؤں سے نجات چاہتے ہیں، عمران خان صاحب! عوام کی خواہش ہے نوازشریف، شہبازشریف ڈاکو، زرداری جیل کے پیچھے ہوں۔شیخ رشید نے کہا کہ یہ سازش کر کے شاہ عبداللہ کے ساتھ سعودی عرب گئے، انہوں نے اپنے پلیٹ لیٹس کم کیے اور لندن گئے، عوام نے مہنگائی کو برداشت کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی لمبی چوڑی تقریر نہیں کرنے والا، ایک محبت اقتدار، ایک محبت غریب کی ہوتی ہے، شارٹ تقریر کرنے والا لیڈر ہوں، یہ چور، ڈاکو گینگ آف تھری ہے، انہوں نے کرنل قذافی، صدام حسین، اسامہ بن لادن کا مال نہیں چھوڑا تھا۔ مراد سعید نے کہا کہ پاکستانیوں سب سے پہلے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اسلاموفوبیا کے خلاف پوری دنیا میں عمران خان نے آوازبلند کی، امریکا کو اڈے دینے سے انکار، ابسولیٹلی ناٹ عمران خان نے کیا، اندرونی وبیرونی سازشوں کو کس نے بے نقاب کیا؟، کرپٹ ٹولے کو کس نے بے نقاب کیا؟ دنیا میں آزاد خارجہ پالیسی کی بات کرتے ہیں تو اس کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے، کیا اس جنگ میں عمران خان کا ساتھ دوگے؟ کیا ہر قدم عمران خان کے ساتھ کھڑے رہو گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی خودمختاری، خودداری، قومی غیرت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، اندرونی و بیرونی سازشوں کا عمران خان کے ساتھ مل کرمقابلہ کریں گے، ہم سب نے اس عہد کی پاسداری کرنی ہے، تاریخی جلسے نے کرپٹ ٹولے اوربیرونی طاقتوں کوپیغام دے دیا ہم سب عمران کے ساتھ کھڑے ہیں، زرداری کا بیٹا پرچی لہرا کرکہتا ہے مجھے وزیراعظم بنادو۔ مراد سعید کا کہنا تھا کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 375 کروڑ کیسے آئے، مولانا فضل الرحمان بارہواں کھلاڑی بھی وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہا ہے۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا سندھ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، صوبائی حکومت سندھ کے عوام کو صحت کارڈ سے محروم نہ رکھے ،14 سال سے سندھ پر سلیکٹڈ حکومت مسلط ہے، جو بی بی شہید کو انصاف نہیں دلا سکے عوام کو کیا انصاف دلائیں گے، سسٹم کو پٹڑی سے اتارا گیا تو پھر کوئی حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرسکے گی، عمرا ن خان ملک کے غریب عوام کی بات کرتے ہیں ، ہم عمران خان کی قیادت میں ملکی مفاد کے لئے کھڑے ہیں ، سندھ میں تعلیمی نظام تباہ حال ہے، بے روزگاری بڑھ رہی ہے. وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے امربالمعروف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والے جب اپنے اپنے حلقوں میں کھڑے ہونگے کیونکہ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اقتدارنہیں، اقدار کی سیاست کرتےہیں، وہ پاکستان اورمسلم امہ کےلیڈربن کرکھڑےہیں اور آج 20 کروڑ عوام عمران خان کے اشارے کے منتظر ہیں، آپ نے عمران خان کے حکم کا انتظار کرنا ہےاور اس پر چلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوامی سیاست پر یقین رکھتی ہے، عمران خان غریب کا درد رکھنے والے لیڈر ہیں، ہمیں اقتدار عوام نےدیا اور ہم عوام کے سر پر اقتدار رکھیں گے، عمران خان کو تخت کا لالچ نہیں، وہ فقیر منش آدمی ہے، عمران خان کے اقتدار میں آنے کا فرق اسے نہیں بلکہ مجھے اور آُ پ کو پڑے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔