ویب ڈیسک:تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید اور سابق رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور ہوگئی.
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے9 مئی کو تھانہ شادمان کو نذر آتش کرنے کے مقدمہ کی سماعت کی، صنم جاوید کی جانب سے شکیل پاشا ایڈووکیٹ پیش ہوئے ، عالیہ حمزہ کی جانب سے نصیر الدین نیئر ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے، پراسیکیوٹر نے کہا کہ خواتین9 مئی کو ریاست مخالف سازش کا حصہ ہیں، ملزمان نے پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ مل کر جلاؤ گھیراؤ کرایا۔
وکیل صفائی نے اپنے دلائل میں کہا کہ ’ خواتین کو ہر بار ضمانت کے بعد دوسرے کیس میں گرفتار کر لیا جاتا ہے،جس مقدمہ میں اب گرفتار کیا اس میں کوئی کردار نہیں ہے، عدالتی فیصلوں کے مطابق بھی خواتین کو ضمانت جلد ملنی چاہیے‘، بعد ازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد دو دو لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے عوض دونوں ملزمان صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔
یادرہے کہ گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں صنم جاوید نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا شکریہ کہ سینٹ کے لیے نام دیا،ہمارے پاس اتنے نمبر نہیں ہیں لیکن بانی پی ٹی آئی عمران خان کا شکریہ۔
مراد سعید کو مبارکباد ان کے کاغذ منظور ہوئے، مریم بی بی اگر آپ اتنی دھاندلی کے بعد وزیراعلی بن گئی ہو تو عوام کے لیے کام کریں، مریم بی بی نے تھیٹر شو کھولا ہوا ہوتا ہے،آپ جعلی طریقے سے آئے ہیں،پورے کا پورا خاندان جعلی ہے۔ مریم بی بی جیل آئی تو ہم سے ملی بھی نہیں،خاص ڈائریکشن آئی ہے کہ صاف ستھری بیبیاں آئیں جو بولیں بھی نہ۔