پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی!تفصیلات سامنے آگئیں

پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی!تفصیلات سامنے آگئیں
کیپشن: پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی!تفصیلات سامنے آگئیں

ویب ڈیسک: حکومت نے 15 مئی کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے 39 پیسے کی بڑی کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا تھا، جس کے بعد یہ کہاجا رہا تھا کہ یکم جون سے مزید 30 روپے فی لیٹر کمی ہونے والی ہے تاہم 15 مئی سے اب تک خام تیل کی قیمت 2.35 ڈالر فی بیرل بڑھ چکی ہے،اس لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی تو نہیں البتہ معمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ماہ اپریل میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 6 ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی تھی جبکہ ڈالر کی قیمت 278 روپے پر مستحکم رہی، تاہم اب گزشتہ 10 ایام میں خام تیل کی قیمت 80 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 82.35 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے،دوسری جانب ڈالر کی قدر میں کچھ کمی ہوئی ہے اور ڈالر کی قدر 278.35 روپے سے کم ہو کر 277.9 روپے ہوگئی ہے، کہا جا رہا ہے کہ یکم جون سے پیٹرول کی قیمت میں 8 سے 12 روپے فی لیٹر کمی کی جاسکتی ہے، تاہم قیمتوں کے حوالے سےحتمی فیصلہ وزارت خزانہ 31 مئی کی شب اوگرا کی سمری کی روشنی میں کرے گی۔

یاد رہے کہ حکومت نے پچھلی بار 15 مئی کو جب پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے 39 پیسے کی کمی کی تھی، تو اس وقت بھی انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 278.35 روپے ہی تھی، اور خام تیل کی قیمت 80.28 ڈالر فی بیرل تھی، جو اب بڑھ کر 82.35 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

گزشتہ برس کے اختتام پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 73 ڈالر فی بیرل تک گر گئی تھی، اس سے قبل اکتوبر میں خام تیل کی قیمت 94 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی۔ گزشتہ ماہ اپریل کے آغاز سے خام تیل کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوا اور قیمت 7 ڈالر کے اضافے سے 90 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی تاہم اب 6 ڈالر فی بیرل کم ہوگئی ہے۔

فروری کے آخر میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے 13 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا، 31 جنوری کو برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھنے کے باعث پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 55 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔

گزشتہ سال ستمبر سے پاکستان میں روپے کی قدر مستحکم اور ڈالر سستا ہو رہا تھا اس دوران انٹربینک میں ڈالر307 روپے سے کم ہو کر 23 اکتوبر کو 275 روپے کا ہو گیا تھا، رواں برس کے آغاز سے ایک مرتبہ پھر ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، جو 289 روپے سے کم ہو کر اس وقت 278 روپے 45 پیسے ہوگئی ہے۔

Watch Live Public News