تربوز پر متنازعہ ویڈیو: ڈاکٹرافنان مشکل میں، مقدمہ اور 10 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ

تربوز پر متنازعہ ویڈیو: ڈاکٹرافنان مشکل میں، مقدمہ اور 10 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ
کیپشن: Controversial Watermelon Video: Dr. Afnan in Trouble, Sued and Claims 10 Crore Damages

ویب ڈیسک: سوشل میڈیا پر تربوز کو ٹیکہ لگانے والے ڈاکٹر افنان قیصر کے خلاف مقدمہ درج کرانے  اور 10  کروڑ  روپے ہرجانے کے دعوے کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں انجمن تاجران سبزمنڈی غلام محمد آباد کے صدر رانا عامر جاوید نے تھانہ غلام محمد آباد میں مقدمے کے لیے درخواست دے دی۔ 

غلام محمد آباد  کی  فروٹ اور سبزی منڈی میں کئی دہائیوں سے پھلوں کی آڑھت کرنے والے ظفر اقبال نے بھی تربوز کو ٹیکے لگانے کی کہانی کو جھوٹ قرار دیا۔ 

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ڈاکٹر افنان قیصر کہ جھوٹے بیان کی وجہ سے پاکستان کی تمام منڈیوں میں کاروبار کرنے والوں کو  کروڑوں روپے کا  نقصان ہوا ہے۔ بڑے  کاشتکاروں کو کروڑوں کا نقصان ہوا اور عوام میں بھی اس بات سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی ہے۔

ڈاکٹر افنان قیصر  کے اس دعوے کو محکمہ فوڈ پنجاب نے بھی غلط قرار دیا ہے۔ کسی جگہ کوئی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا۔ تربوز کو جب پنکچرکیا جائے گا تو وہ 3 سے 4 گھنٹوں میں خراب ہو جائے گا۔ 

فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مختلف اضلاع میں منڈیوں اور بازار میں فروخت ہونے والے تربوز چیک کیے ہیں اور تاحال کہیں سے کوئی ایسا واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

Watch Live Public News