اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عدلیہ کے خلاف تحریک ناکام ہوگئی۔ نواز شریف اور مریم کے مقدمات آخری مراحل میں ہوں تو ویڈیوز آ جاتی ہیں۔ فواد چودھری کا میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ویڈیوز اور آڈیوز بنانا مسلم لیگ (ن) کا شروع سے ہی وطیرہ رہا ہے۔ فوج اور عدلیہ کے خلاف پوری مہم چلائی گئی لیکن تمام سازشیں بے نقاب ہوئیں۔ مقدمات کو سبوتاز کرنے کی کوشش کی گئی۔ وفاقی وزیر نے عدلیہ سے مطالبہ کیا کہ مریم نواز اور مسلم لیگ (ن) کے خلاف نوٹس لینا چاہے۔ پراپرٹیز کی رسید یں مانگی اور آپ بائیں، شائیں کر رہے ہیں۔ ملک میں جاری مہنگائی کی لہر پر بات کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں۔ رواں ہفتہ ملک میں اچھی خبروں کا ہے۔ گذشتہ روز ایک تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ اب ہتھیاروں کی بجائے بیانیہ اور رائے کے ذریعے جنگ لڑی جاتی ہے، جس کا بیانیہ جتنا مضبوط ہوگا، اتنی اس کی اہمیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ جہاں پیسہ اور وسائل تھے وہاں قبضہ کر لیا جاتا تھا، ہندوستان میں بھی اسی طرح ہوا، برطانیہ کی ایسٹ انڈیا کمپنی نے آ کر ہندوستان پر قبضہ کرلیا، پھر اس کمپنی کو واپس لوٹنا پڑا۔ دوسری جنگ عظیم میں لاکھوں لوگوں کی جانیں گئیں، اس جنگ کے بعد عالمی قانون بنا، دنیا کی اخلاقیات تبدیل ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلحہ کے زور پر لڑی جانے والی روایتی جنگ کی بات کریں تو امریکا نے افغانستان پر حملہ کر کے چند گھنٹوں کے اندر وہاں حکومت ختم کر دی تھی، افغانستان کا پورا کنٹرول امریکا کے ہاتھوں میں چلا گیا تھا لیکن وہ طاقت کے زور پر اپنا مقصد حاصل نہیں کر سکا کیونکہ دنیا میں غلبہ حاصل کرنے کی تعریف بدل گئی تھی۔ ہتھیاروں کے ذریعے جنگ جیتنے کی بجائے بیانیہ حاوی ہو گیا اور بیانیہ کی جنگ میں امریکا کو شکست ہوئی اور بالآخر اسے افغانستان سے نکلنا پڑا۔