(ویب ڈیسک ) ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ میں متعدد کھلاڑیوں کے کیٹگریز میں تنزلی کی گئی ہے، ممکنہ تنزلی کی وجہ سے متعدد کھلاڑی پریشان ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چند کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ میں انکی کٹگریز کا بتایا گیا ، ممکنہ تنزلی کی وجہ سے چند سنئیر کرکٹرز نے تحفظات کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پی سی بی نے سال 2024۔ 25 کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان نہیں کیا ، نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان اگلے چند روز میں متوقع ہے تاہم کٹگریز میں ممکنہ تنزلی کا سن کر کئی کرکٹرز پریشان ہو گئے ہیں۔
کھلاڑیوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے کہ پورے سال میں کسی کھلاڑی کی کارکردگی اچھی نہیں تھی توپھر تنزلی کیوں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ممکنہ تنزلی پرسنئیر کرکٹرز مزاحمت کرنےکا منصوبہ بنانے لگے ہیں، کھلاڑیوں نے پی سی بی سے سینٹرل کنٹریکٹ کی پالیسی وضع کرنے کا مطالبہ کردیا۔
کھلاڑیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں کیٹگریز کس بنیاد پر کی گئی ہیں ہمیں بتایا جائے۔
خیال رہے کہ پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ کو پرفارمنس اور فٹنس سے مشروط کیا ہے ، سینٹرل کنٹریکٹ کے اعلان سے قبل پی سی بی نے قومی کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ بھی لیے ہیں۔