متحدہ عرب امارات نے سرکاری ملازمین کو ذاتی کاروبار کرنے کے لیے ایک سال کی تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کا اعلان کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت کا کہنا ہے کہ وفاقی اداروں کے سرکاری ملازمین کو نجی کاروبار شروع کرنے کیلئے 1 سال کی تنخواہ سمیت چھٹی دی جائے گی۔ اور فیصلے پر عمل درآمد آئندہ سال 2 جنوری سے ہوگا ۔ امارات کے خبررساں ادارے کے مطابق چھٹی کے دوران سرکاری ملازم یکسوئی سے کاروبار کرسکے گا ۔ اس سکیم کی منظوری نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی زیر صدارت اماراتی کابینہ نے رواں برس جولائی میں دی تھی ۔ یہ دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی سکیم ہے ۔ اس کے تحت سرکاری ملازم کاروبار کے لیے کوشش کرسکیں گے۔ان کیذہانت اور محنت سے مستقبل میں امارات معیشت کوفائدہ پہنچے گا۔ کسی بھی وفاقی سرکاری ادارے کے ملازم کو اپنا کاروبار قائم کرنے یا چلانے کے لیے مکمل ایک سال کی چھٹی دی جائے گی جو کہ تنخواہ سمیت ہوگی ۔ ملازم کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ اپنی سالانہ چھٹی اور بغیر تنخواہ چھٹی کو بھی اس میں شامل کرلے۔ سرکاری افرادی قوت کے وفاقی ادارے کی قائم مقام ڈائریکٹر جنرل لیلی السویدی نے بتایا کہ’ آزاد کاروبار میں یکسوئی کےلیے چھٹی کی منظوری اماراتی قیادت کا اہم فیصلہ ہے۔ ان کا کہنا کہ افرادی قوت کے ادارے نے سرکاری ملازمین کی چھٹی کے حوالے سے گائیڈ بک تیارکی ہے۔ اس میں تمام معلومات دی گئی ہیں۔