"غلطی سے چوری ہوگئی"، شریف چور معافی نامے کے ساتھ سونا واپس کرگیا

کیپشن: "غلطی سے چوری ہوگئی"، شریف چور معافی نامے کے ساتھ سونا واپس کرگیا

ویب ڈیسک: ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چوری کی انوکھی واردات سامنے آئی ہے جس میں چور نے چوری کے بعد چرایا گیا سونا اگلی ہی رات گھر میں واپس رکھ دیا، اور ساتھ ایک مختصر معافی نامہ بھی لکھا۔

اردو نیوز کے مطابق چور نے چوری کی اگلی رات گھر میں سونا واپس رکھنے کے ساتھ ایک خط بھی رکھا جس میں معافی مانگتے ہوئے لکھا کہ وہ کسی اور گھر میں چوری کرنے جا رہا تھا غلطی سے اس گھر میں چوری ہو گئی۔

یہ واقعہ 16 اور 17 دسمبر کی درمیانی شب تھانہ چٹیانہ کی حدود میں پیش آیا۔ تھانہ چٹیانہ میں درج ایف آئی آر میں مدعی عبدالطیف نے بتایا ہے کہ 16 اور 17 دسمبر کی درمیانی شب نامعلوم چور ان کی بیٹی کے گھر میں داخل ہوئے۔

مقدمے کے متن کے مطابق ’ چور نے گھر میں کمروں کے تالے توڑ کر سونا اور نقدی چرائی۔ کل 45 لاکھ کی چوری کرنے کے بعد چور فرار ہوگئے تو سائل کی چھوٹی بیٹی سامان لینے کمرے گئی تو سامان غائب پایا۔‘

عبدالطیف نے اردو نیوز کو بتایا کہ چور نے سونا، نقدی اور سعودی ریال چوری کیے۔ ان کے بقول ’ چور نے کل 14 تولہ سونا، 7 ہزار سعودی ریال، اور 35 ہزار پاکستانی کرنسی چوری کی۔‘

ایف آئی آر کے مطابق 39 لاکھ 90 ہزار کے سونے میں 4 عدد 3 تولہ سونے کی چوڑیاں، 4 تولہ 2 عدد کڑے، 5۔1 تولہ سونے کی چین، 5۔1 تولہ لاکٹ، 1 تولہ چھلا، آدھا تولہ 2 عدد ٹاپس اور 2 تولہ سونے کے دو بسکٹس شامل ہیں جبکہ 7 ہزار سعودی ریال کی لاگت 5 لاکھ 25 ہزار بتائی گئی ہے۔ 

یہ چوری ایک اوورسیز پاکستانی محمد انیس کے گھر میں ہوئی ہے جو 18 سال سے بیرون ملک مقیم ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق چوری محمد انیس کے گھر اس وقت ہوئی جب گھر کو تالا لگا تھا۔ 

عبدالطیف کے بقول ’یہ چوری دراصل میری بیٹی کے گھر ہوئی ہے جو میرے ذاتی گھر کے سامنے واقع ہے، لیکن 15 دسمبر کو میری بیٹی اپنے بیٹے کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئی تو گھر کی ذمہ داری میرے اوپر آ گئی۔‘

ایف آئی آر میں عبدالطیف نے مؤقف اپنایا کہ ’ چور دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے اور تالے توڑ کر سامان چوری کر لیا۔‘

مقدمے کے مطابق اس گھر میں عبدالطیف کی بیٹی اور ان کا نواسہ اکیلے رہائش پذیر تھے۔ عبدالطیف نے کہا کہ ’میری بیٹی عمرہ ادائیگی کے لیے گئی ہے، ہم نے انہیں معمولی چوری کا بتایا ہے۔ یقیناً وہ یہ سن کر شدید پریشان ہوں گی۔‘

 ایس ایچ او ناصر عظیم کے مطابق مدعی مقدمہ کو 12 تولہ سونا واپس مل گیا ہے۔ اس حوالے سے عبدالطیف نے بتایا کہ ’جب یہ چوری ہوئی تو ہم نے فوری طور پر 15 پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے کارروائی شروع کی تو علاقے میں اتنی بڑی چوری پر باتیں ہونے لگیں۔‘

’ابھی تفتیش جاری ہی تھی کہ اگلی رات ہمارے گھر کے صحن سے ایک عدد پرچی اور ایک پوٹلی ملی۔ پرچی پر لکھا گیا تھا کہ ہم کسی اور گھر میں چوری کرنا چاہتے تھے غلطی سے آپ کے گھر آگئے۔‘

عبدالطیف کے مطابق جب انہوں نے پوٹلی کھول کے دیکھی تو اس میں 12 تولہ سونا پڑا ہوا تھا۔ ان کے بقول ’اس میں کڑے، لاکٹ، ٹاپس، اور بسکٹ پڑے تھے۔ یہ 12 تولہ سونا تھا جو اس پرچی کے ساتھ واپس دیا گیا لیکن اب تک 2 تولہ سونا، سعودی کرنسی اور پاکستانی 35 ہزار ہمیں نہیں ملے۔‘

Watch Live Public News