لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی ٹیلی وژن اور فلموں کی مشہور اداکارہ صنم سعید نے کہا ہے کہ شاید عمران خان میری دعاؤں کی وجہ سے ہی وزیراعظم کے عہدے تک پہنچے ہیں۔ ایک نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے سیاست میں کسی قسم کی کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ تاہم میں اکثر دعائیں کرتی تھی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ایک سیدھا سادہ اور سچا حاکم عطا کرے۔ صنم سعید نے کہا کہ شاید میری دعائوں کا ہی اثر ہو کہ اللہ تعالیٰ نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کا وزیراعظم بنا دیا اور میری دعائیں قبول کر لیں۔ اداکارہ صنم سعید نے کہا کہ جو اس ملک کے لئے اچھا ہو، مستقبل میں بس وہی اقتدار میں آئے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے کردار کو فلم میں نبھا نہیں سکتی کیونکہ میرا رنگ گورا نہیں ہے۔ اگر وہ میری رنگت کی ہوتیں تو ضرور نبھاتی لیکن اس کے لئے کسی اور کو کاسٹ کرنا ہوگا۔ صنم کا کہنا تھا کہ ہاں میک اپ یا انجیکشن لگوا کر مریم نواز کا کردار نبھایا جا سکتا ہے۔ مریم نواز کا کردار ادا کرنا کافی دلچسپ ہوگا اور اس میں مزہ بھی آئے گا۔ اس بارے سوچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے یہ کہا کہ عورت ہی عورت کی سب سے بڑی دشمن ہے کیونکہ زیادہ تر عورتیں ہی ایک دوسرے کو نچیا دکھانے کی کوششوں میں ہوتی ہیں۔ سب سے زیادہ دکھ کی بات یہ ہے کہ خواتین کو سپورٹ کرنے کے بجائے وہ ان کے خلاف ہوتی ہیں۔