لاہور: پی ڈی ایم اے پنجاب نے بارشوں اور برفباری سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہوائیں پاکستانی حدود میں داخل ہوگئی ہیں ، آج بلوچستان میں بادل جم کر برسنے کا امکان ہے۔ 31 جنوری تک پنجا ب کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری ، گلیات کے علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے ساتھ برف باری کا امکان ہے، لاہور، راولپنڈی ، گوجرانوالا ، نارووال ،منڈی بہاﺅالدین ،میانوالی اور سرگودھا میں 30اور 31 جنوری کو بارش ہوگی۔
اس حوالے سے پی ڈی ایم اے پنجاب نے انتظامیہ کو بارشوں اور برفباری سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ مری اور گلیات میں برف باری سے سڑکیں جام ہوسکتی ہے ، سیاحو ں کو خبر دار کیا جاتا ہے کہ موسمی صورتحال چیک کئے بنا سفر مت کریں۔
ترجمان پی ڈ ی ایم اے کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ نگ کے امکانات ہیں جس سے سڑکیں بلاک ہو سکتی ہیں۔ اچانک سردی کی شدت میں اضافے سے بچاﺅ کیلئے تیار رہیں ۔