محکمہ موسمیات کی آج سےبدھ تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی آج سےبدھ تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: محکمہ موسمیات کی آج سےبدھ تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے آج سے بدھ تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی جبکہ  مون سون کے پانچویں سپیل کی دھواں دھار انٹری  سےلاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں تیز اور کہیں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، ریلوے سٹیشن، مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، مزنگ چونگی، قرطبہ چوک، سمن آباد اور گلشن راوی میں بادل برسے۔

علاوہ ازیں چوبرجی، اسلام پورہ، مغل پورہ، گارڈن ٹاؤن، مسلم ٹاؤن، نشتر ٹاؤن اور گلبرگ کے اطراف میں موسلادھار بارش سے حبس ختم ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا، درجہ حرارت میں کمی سے گرمی کے ستائے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔

ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور کشمیر میں صبح سویرے تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جڑواں شہروں میں صبح سے تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا ہے۔

پنجاب کے دیگر شہروں گجرات، حافظ آباد، وزیر آباد، شکرگڑھ، شرقپور و دیگر مقامات پر بھی موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا،گجرات میں بارش کا 50 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، ایک گھنٹے کی بارش نے پورے شہر کو ڈبو دیا، شہر کی اہم شاہرائیں تالاب کا مںظر پیش کرنے لگیں۔

جہلم ، گوجرخان، راوت، کلرسیداں، اٹک، ٹیکسلا، چکوال، ہری پور سمیت دیگر اضلاع میں بارش جاری ہے، اس کے علاوہ مری، ایبٹ آباد اور گلیات میں تیزہواؤں کے ساتھ بارش جاری ہے جبکہ کشمیر میں بھی برسات کا سلسلہ جاری ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں آج بارش کا امکان ہے جبکہ بیشتر اضلاع میں صبح سے آسمان پر بادلوں کا راج ہے، جس سے موسم بہتر ہونے لگا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے اور بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔

پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور،مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ بدھ کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا اور بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

اس لیے پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈی آئی خان میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سب سے کم مالم جبہ میں 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سندھ

آج سے منگل تک سندھ کے ضلع سانگھڑ، میرپورخاص، عمر کوٹ، بدین اور دیگر ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

کراچی 

کراچی میں آج اور پیر کو درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے، شہرقائد میں کل سے تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ آج شام یا رات میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

بلوچستان
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گی، ژوب ، موسیٰ خیل ، بارکھان،کو ہلو، لورا لائی ،سبی، لسبیلہ ،آواران، خضداراور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 اور قلات میں 34 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس کے علاوہ ژوب میں درجہ حرارت 32، زیارت میں 28، سبی میں 45 تربت، نوکندی میں 44، جیونی میں 35 اور گوادر میں 36 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پی ڈی ایم اے

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 29 سے 31 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔

موسمی صورتحال کے بارے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں۔

عرفان کاٹھیا نے کمشنرز، ڈی سیز ،واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے موسمی صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔

Watch Live Public News