(ویب ڈیسک) جاپان کے شہر ناگویا میں جاری ایشین گیمز کے جیولین تھرو فائنل میں بڑا اپ سیٹ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور یاسر سلطان میڈل جیتنے میں ناکام رہے اور قومی اتھلیٹس نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ارشد ندیم نے مقابلے کا آغاز محتاط انداز میں کیا اور پہلے راؤنڈ میں 76.69 میٹر کی تھرو پھینک کر 5 ویں پوزیشن حاصل کی۔
دوسرے راؤنڈ میں ان کی تھرو فاؤل قرار پائی، تاہم تیسرے راؤنڈ میں انہوں نے کم بیک کرتے ہوئے 80.29 میٹر کی تھرو کی، جس کے بعد وہ چوتھے نمبر پر آگئے۔
آخری راؤنڈز میں ارشد ندیم ردھم برقرار نہ رکھ سکے اور دوسرے مرحلے کی تمام تینوں تھروز فاؤل کر بیٹھے۔ مجموعی طور پر ان کی 6 میں سے 4 تھروز ضائع ہوئیں اور وہ 80.29 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ چوتھے نمبر پر آ کر میڈل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔
پاکستان کے دوسرے جیولین تھرور یاسر سلطان کی پہلی تھرو ضائع ہو گئی تھی۔دوسرے راؤنڈ میں انہوں نے 73.50 میٹر جبکہ تیسرے راؤنڈ میں 73.47 میٹر کی تھرو پھینکی۔
یاسر سلطان اپنی بہترین 73.50 میٹر تھرو کے ساتھ مجموعی طور پر نویں (9 ویں) پوزیشن پر رہے۔
سری لنکا کے رمیش پتھیراگے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 88.55 میٹر کی زبردست تھرو پھینکی اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
بھارت کے یشویر سنگھ نے سلور میڈل جیتا جبکہ بھارت ہی کے روہت یادیو برونز میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔