کراچی( پبلک نیوز) آج پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) ایک بار پھر پاور شو کرنے جا رہی ہے، کراچی باغ جناح میں جلسہ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں، جے یو آئی کے کارکنوں نے جلسہ گاہ میں پہنچنا شروع کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جلسہ گاہ میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے اور تمام سیاسی جماعتوں کے پرچم لہرا رہے ہیں، کراچی کی باغ جناح جلسہ گاہ میں سٹیج 25 فٹ اونچا اور 75 فٹ چوڑا بنایا گیا ہے، جلسہ گاہ میں ہزاروں کی تعداد میں کرسیاں لگا دی گئیں ہیں، صبح سویرے جمعیت علمائے پاکستان کے کارکنان جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے ، مگر اس وقت دیگر جماعتوں کے کارکنان بھی جلسہ گاہ میں آ رہے ہیں۔ سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیلئے تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور افسران تعینات کئے گئے ہیں،جلسہ گاہ کے داخلی راستہ پر واک تھرو گیٹ نصب کر دیا گیا ہے جبکہ خواتین کیلئے جلسہ میں شرکت کیلئے علیحدہ انتظام کیا گیا ہے اور اس کی نشستوں کی تشخیص سفید کرسیوں سے کی جا سکتی ہے،ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی جلسہ گاہ کے گرد تعینات کر دئیے ہیں۔