محمد رضوان ٹی 20 پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں شامل

محمد رضوان ٹی 20 پلیئر آف دی ایئر کی نامزدگیوں میں شامل
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پلیئرز آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔ آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پلیئرز آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے پاکستان کے ریکارڈ ساز بلے باز محمد رضوان، سری لنکن اسپنر وانندو ہسارنگا، آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش اور انگلش وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کو نامزد کیا ہے۔ پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز نے 2021 میں کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں راج کیا ۔انہوں نے صرف 29 میچز کی 26 اننگز میں 73.66 کی اوسط اور 134.89 کے اسٹرائیک ریٹ سے1326 رنز بنائے۔ سری لنکن اسپنر وانندو ہسرنگا کے لیے بھی 2021 بہترین سال ثابت ہوا ۔انہوں نے رواں برس خود کو مختصر ترین فارمیٹ میں نہ صرف بہترین اسپنر کے طور پر منوایا بلکہ بطور آل راؤنڈر بھی اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا۔ انہوں نے 20 میچز میں 11.63 کی اوسط سے 36 وکٹیں حاصل کیں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 196 رنز بھی اسکور کیے ۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں آسٹریلیا کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے مچل مارش بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔ اس کیلنڈر ایئر میں وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں آسٹریلیا کے بہترین بلے باز رہے ہیں۔انہوں نے 27 میچز میں 36.88 کی اوسط سے 627 رنز بنائے اور 8 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ بٹلر نے سال کا شاندار آغاز بھارت میں بھارت کے ہی خلاف دو بہترین اننگز سے کیا تھا۔وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں 269 رنز کے ساتھ انگلینڈ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔ بٹلر نے 14 میچز میں 65.44 کی اوسط سے ایک سنچری کے ساتھ 589 رنز بنائے۔

Watch Live Public News