سال 2022 میں 37لاکھ سے زائد لینڈ ریکارڈ ٹرانزیکشن عمل میں آئیں

سال 2022 میں 37لاکھ سے زائد لینڈ ریکارڈ ٹرانزیکشن عمل میں آئیں
لاہور: ترجمان پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سال 2022میں 37لاکھ سے زائد لینڈ ریکارڈ ٹرانزیکشن عمل میں آئیں۔ جسکی بدولت صوبائی ٹیکس اور سروس چارجز کی مد میں سرکاری خزانہ میں 16ارب روپے کی آمدن ریکارڈ کی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے مطابق 232 سنٹرز، دیہی مراکز مال، نادرا ای سہولت اور بنکوں پر مشتمل اراضی ریکارڈ کے وسیع نیٹ ورک سے 2022 میں 24.5لاکھ افراد کو کمپیوٹرائزڈ فردات جاری کی گئیں جبکہ 12.5 لاکھ انتقالات تصدیق کیے گئے۔ 16لاکھ فردات اراضی ریکارڈ سنٹرز، 4لاکھ سے زائد نادرا ای سہولت، قریباً3لاکھ ای خدمات مراکز، ایک لاکھ سے زائد آن لائن جبکہ 32ہزار بنک اور 31ہزارفردات موبائل وین سے جاری کی گئی ہیں۔ 12.5لاکھ تصدیق شدہ انتقالات میں سے قریباً5لاکھ انتقالات اراضی ریکارڈ سنٹرز، قریباً ڈیڑھ لاکھ ای خدمت مراکزاور قریباً6لاکھ انتقالات بذریعہ رجسٹری جبکہ 7ہزار سے زائد بنک اور 20ہزار سے زائد موبائل وین سے انتقالات کی تصدیق کی گئی۔ ترجمان پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ موثر مانٹرنگ اور بہتر کنٹرول کی بدولت پرائم منسٹر پورٹل پر پلرا کے خلاف شکایات میں گزشتہ سال کی نسبت 20%کمی کا مشاہدہ کیاگیا۔ 2022 میں کل 384 شکایات موصول ہوئیں۔ جن پر فوری کاروائی کرتے ہوئے سائلین کو ریلیف فراہم کیا گیا۔ 144آفیسر اور آفیشلز کے خلاف محکمانہ کروائی کا آغاز کیا گیا جبکہ باضابطہ تادیبی کاروائی مکمل کرتے ہوئے30افراد کو نوکری سے برخاست کیا گیا ہے۔ کیپٹن (ر) اکرام الحق ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ پی ایل آر اے کی جانب سے صارف دوست سافٹ وئیر Appsتیار کی جارہی ہیں۔جنکی بدولت لینڈ ریکارڈ سروسز کا خود کار طریقے سے حصول ممکن بنایا جارہا ہے۔ جبکہ ریونیو ایڈمنسٹریشن کو موثر بنانے کے لیے انتظامی امور کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈیجٹائز کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں ڈیٹا کی یونیورسل رسائی کے ذریعے سائلین کسی بھی جگہ سے اپنے مطلوبہ علاقہ کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں۔ لینڈ ایڈمنسٹریشن کے نظام کو مربوط اور بین الاقوامی معیار کے مطابق رائج کرنے کے لیے شہری اراضی ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن پر پیش رفت جاری ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔