ویب ڈیسک: راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قیدیوں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں ایک قیدی قتل ہوگیا۔
تفصیلا ت کے مطابق جمعرات کے روز اڈیالہ جیل راولپنڈی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں قیدیوں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں ایک قیدی قتل ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق جھگڑے کے دوران قتل ہونے والے قیدی کی شناخت اعجاز ربانی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اس دوران ایک قیدی زخمی بھی ہوا جس کی شناخت عماد علی کے نام سے ہوئی۔
حکام کا کہنا تھا کہ عماد علی کو طبی امداد کے لئے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن نے تحقیقات شروع کر دی ۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ ملزم محمد احسن ذہنی مریض تھا، قانونی کاروائی شروع کر دی گئی۔
پبلک نیوز کے مطابق حوالاتیوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کا واقعہ ذہنی مریضوں کے ہسپتال کے ورڈ سیل نمبر 8 میں پیش آیا ۔ جہاں ملزم محمد احسن نے دیوار سے اینٹ نکال کر ساتھیوں پر حملہ کیا ۔
ملزم محمد احسن کو تھانہ آباد میں درج منشیات کے مقدمے میں 4 اکتوبر 2023 کو جیل منتقل کیا گیا تھا ۔
ملزم کے حملے سے حوالاتی اعجاز ربانی جاں بحق جبکہ 3 حوالاتی زخمی ہوئے۔
مقتول حوالاتی اعجاز ربانی تھانہ سہالہ میں درج منشیات کے مقدمے میں 18 جنوری 2024 کو اڈیالہ منتقل کیا گیا تھا
دیگرزخمی ہونے والے حوالاتیوں میں شیراز احمد، حماد علی اور محمد عمر اظہر شامل ہیں۔